پی ٹی آئی آصف زرداری کے درِ دولت پر حاضری دے کر ایک اور یوٹرن لے گی، خواجہ سعد رفیق
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وفاق میں حکومت سازی کے لیے مولانا فضل الرحمٰن کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بہت جلد آصف زردای کے درِ دولت پر حاضری دے کر ایک اور یو ٹرن لے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی برادری پر پے در پے حملے کرنے کے بجاۓ مکالمہ کیاہوتا تو آج کا دن نہ آتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی بگاڑ اور رسہ کشی کے سب سے بڑے بینیفشری اور ذمہ دار خود عمران نیازی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات تحریک انصاف کے وفد نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی سربراہی عمیر نیازی، بیرسٹر سیف اور عامر ڈوگر کے ہمراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔
بعد ازاں، پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی کے حافظ حمداللہ نے کہا تھا کہ دونوں نے اتفاق کیا کہ یہ دھاندلی زدہ الیکشن ہے، یہ غیرجانبدارانہ الیکشن نہیں ہے جس سے نہ سیاسی استحکام آئے گا اور نہ معاشی استحکام آئے گا اور نہ اس کو ملک و قوم کو ترقی ملے گی، آگے کیا ہو گا اس کو آگے پر چھوڑ دیتے ہیں۔