مولانا فضل الرحمٰن سے ذاتی وسیاسی تعلق ہے، ان سے ضرور بات کرنی چاہیے، خواجہ آصف
مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ذاتی وسیاسی تعلق ہے اور ان سے ضرور بات کرنی چاہیے۔
ڈان نیوز کے پروگرام لائیو ود عادل شاہ زیب میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہماری جماعت اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے اور پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارے معاملات طے پا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے انتخابی نتائج تسلیم کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں اپنا وزیراعلیٰ نامزد کردیا ہے اور آئینی عہدوں پر پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ مشاورت سے ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نہیں معلوم مولانافضل الرحمٰن پی ٹی آئی کے ساتھ کس طرح بیٹھ سکتے ہیں کیونکہ مولانا فضل الرحمٰن کو خیبر پختونخوا کے نتائج پر تحفظات ہیں جس کی بینیفشری تو پی ٹی آئی ہے۔
مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کےساتھ ذاتی وسیاسی تعلق ہے، ان سےضرور بات کرنی چاہیے، ہم سب کے ساتھ بات کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر کوئی بات نہ کرے تو یہ حب الوطنی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ منتخب حکومت کو تمام مشکل فیصلے بجٹ سے پہلے کرنے پڑیں گے اور اگر اس میں تاخیر ہوئی تو معیشت آپریشن تھیٹر میں ہو گی۔