• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

امریکا: سپر بول لیگ کی فتح کے جشن پر فائرنگ، ایک شخص ہلاک، بچوں سمیت 21 افراد زخمی

شائع February 15, 2024
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

امریکی ریاست کینساس سٹی میں سپر بول میچ میں فتحیابی کے جشن کے دوران فائرنگ سے 1 شخص ہلاک جبکہ بچوں سمیت 21 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چیفس کھلاڑیوں کے مداحوں سے خطاب کے کچھ دیر بعد رونما ہوا جس نے این ایف ایل چیمپئنز بننے پر ریلی میں شریک پر جوش شائقین اور وی آئی پیز کی خوشی کو غم میں تبدیل کردیا۔

یاد رہے کہ اتوار کو لاس ویگاس میں سان فرانسسکو 49ers کو شکست دینے کے بعد چیفس نے اپنے تیسرے سپر بول کا ٹائٹل جیتا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ کینساس سٹی کے یونین اسٹیشن کے قریب حملے کے بعد 3 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم فائرنگ کے واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

فائر ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ راس گرونڈیسن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ متاثرین میں سے بہت سے لوگوں کو لگنے والی چوٹیں جان لیوا ہیں۔

کے کے ایف آئی ریڈیو اسٹیشن نے کنساس سٹی کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کیا کہ ان کے ریڈیو اسٹیشن کی ایک مقامی ڈسکو جوکی لیزا لوپیز اس حملے میں ہلاک ہوگئی ہیں، اس واقعے نے ان کے خاندان اور کینساس سٹی کمیونٹی سے ایک خوبصورت شخص کو چھین لیا ہے۔

چلڈرن مرسی ہسپتال نے کہا کہ فائرنگ کے بعد 12 افراد کا علاج جاری ہے جن میں سے 11 بچے ہیں اور 9 گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں، ہسپتال کے ترجمان نے کہا کہ تمام متاثرین کے صحت یاب ہونے کی امید ہے۔

اپنی تین بیٹیوں کے ساتھ ریلی میں شریک پال کونٹریراس نے بتایا کہ انہوں نے پولیس کے پہنچنے سے پہلے ایک مشتبہ شوٹر کو روکتے ہوئے اس سے اسلحہ چھین لیا تھا۔

سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے شوٹر کو پیچھے سے مارا اور میری ٹکر سے اس کے ہاتھ یا آستین میں چھپی بندوق گر گئی۔

پال کونٹریراس نے کہا کہ میں نے اسے نیچے گرایا اور اپنے جسم کا سارا وزن اس پر ڈال دیا، اتنے میں ایک اور شخص آیا اور اس نے میری مدد کی۔

ہنگامہ آرائی اور ہجوم کے درمیان اسٹریچر پر لے جانے سے پہلے متاثرین کو زمین پر لیٹا کر علاج کیا گیا، جب کہ تقریب کی حفاظت کرنے والے سینکڑوں پولیس علاقے کو خالی کرانے کے لیے پہنچ گئے۔

چیفس اسٹار ٹریوس کیلس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں لکھا کہ میرا دل ان سب کے ساتھ ہے جو ہمارے ساتھ جشن منانے نکلے اور اس واقعے سے متاثر ہوئے، کینساس سٹی آپ میری دنیا ہیں۔

کوارٹر بیک پیٹرک مہومس نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ کینساس سٹی کے لیے بہت سی دعائیں جبکہ ٹیم کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ تشدد کے واقعے پر انتہائی غمگین ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے امریکیوں سے درخواست کی کہ وہ کانگریس سے بندوق کے قانون میں اصلاحات لانے کی ان کی درخواستوں کی حمایت کریں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024