• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

دھرمیندر کی جانب سے احسن خان کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو وائرل

شائع February 13, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر بولی وڈ اداکار دھرمیندر کی جانب سے پاکستانی اداکار احسن خان کی تعریفیں کیے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر لوگوں نے دلچسپ تبصرے کیے۔

دھرمیندر کی مختصر ویڈیو میں انہیں احسن خان کا نام لے کر ان کی تعریفیں کرتے ہوئے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

بولی وڈ اداکار کی تعریفی ویڈیو کو احسن خان نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا اور بعد ازاں ان کی ویڈیو متعدد سوشل شوبز پیجز کی جانب سے بھی شیئر کی گئی۔

مختصر ویڈیو میں دھرمیندر بتاتے ہیں کہ انہوں نے کبھی بھی احسن خان کو غیر نہیں سمجھا، انہوں نے ہمیشہ ہی انہیں اپنا سمجھا ہے۔

انہوں نے پاکستانی اداکار جی جان سے پیارا بھی قرار دیا اور ساتھ ہی وہ کہتے سنائی دیتے ہیں کہ آپ سب پیارے لوگ ہیں اور فنکار تو ویسے بھی جذباتی ہوتے ہیں۔

ویڈیو میں دھرمیندر نہ صرف اداکار بلکہ ان کے اہل خانہ اور دوستوں کی صحت یابی اور خوشی کی دکھائیں بھی کرتے سنا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے احسن خان سمیت ان کے دوستوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

دھرمیندر کی جانب سے احسن خان کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جس پر لوگوں نے مزاحیہ تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ بولی وڈ اداکار کے بیٹے سنی دیول ہمیشہ پاکستان مخالف فلمیں کرتے ہیں۔

بعض صارفین نے دھرمیندر کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی ہی محبت کا درس اپنے بیٹے سنی دیول کو بھی دیں جو ہمیشہ نفرت بانٹتے ہیں اور پاکستان کے خلاف فلمیں بناتے ہیں۔

کچھ افراد نے دھرمیندر کی جانب سے تعریفیں کیے جانے پر احسن خان کو خوش قسمت بھی قرار دیا اور لکھا کہ ان کے لیے لیجنڈری اداکار نے تعریفی کلمات کہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024