• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پی ایس ایل سیزن 9 کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

شائع February 13, 2024
—فوٹو: سوشل میڈیا
—فوٹو: سوشل میڈیا
—فوٹو: عبدالغفار
—فوٹو: عبدالغفار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق پی ایس ایل 9 کی ٹرافی کی تقریبِ رونمائی لاہور میں واقع پولو گراؤنڈ میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی، فرنچائز مالکان، ایچ بی ایل کے نمائندوں اور اسٹار کرکٹرز نے شرکت کی۔

تقریب میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز، کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود اور پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم بھی شریک تھے، ٹرافی کو ’دی اورین ٹرافی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل اپنے نویں سیزن میں داخل ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پی ایس ایل ٹرافی کی رونمائی کی گئی ہے، امید ہے یہ ٹونامنٹ اچھا رہے گا، ہماری طرف سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ میں نے تاحال پوری طرح سے عہدہ نہیں سنبھالا ہے، مگر ٹیم سے تمام آگاہی لیتا رہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جو پاکستانیوں کا خواب ہے اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے، محنت نظر آئے گی، جب تک تمام ترصورتحال سے آگاہ نہیں ہوتا، تب تک کچھ نہیں کہہ سکتا، خامیوں پر کام کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

پی ایس ایل سیزن 9 شیڈول

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان 12 جنوری کو کردیا گیا تھا جس کا آغاز 17 فروری کو لاہور سے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ سے ہو گا جبکہ ایونٹ کا فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے میچز 4 شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے اور ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

34 میچوں پر مشتمل اس ٹی20 ٹورنامنٹ میں کراچی سب سے زیادہ 11میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔

لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔

ٹورنامنٹ میں 7 ڈبل ہیڈرز (ایک دن میں دو میچز) ہوں گے اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پانچ ڈبل ہیڈرز میچوں کی میزبانی کرے گا۔ لیگ میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ 24 فروری کو لاہور اور 9 مارچ کو کراچی میں ہو گا۔

کراچی کنگز، لاہور قلندرز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر پانچ میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی چار میچز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔

اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں تین۔ تین میچ کھیلے گی جبکہ ایک میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

پچھلے ایڈیشن کی طرح پی ایس ایل کا نواں ایڈیشن بھی 2 مرحلوں میں ہوگا جس میں ابتدائی طور پر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے، اس کے بعد 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024