عمران خان مجرم نہیں، صدر پاکستان رہائی کے احکامات جاری کریں، لطیف کھوسہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ عمران خان کوئی مجرم نہیں ہے، صدر پاکستان فی الفور عمران خان کو رہائی کے احکامات جاری کریں۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو ووٹوں کی گنتی کے دوران باہر نکال دیا گیا، الیکشن میں تحریک انصاف کو ہاتھ پاؤں باندھ کر میدان جنگ میں اتارا گیا۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ آفرین ہے عوام نے انھیں چاروں شانے چت کیا، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ عوام کا اختیار ہے کہ وہ اسمبلی میں اپنے نمائندوں کو بھیجے، آرٹیکل 5 عوام کے ساتھ وفاداری کا کہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئین کی تابعداری عسکری قیادت، عدلیہ سب پر لازمی ہے، 25 کروڑ عوام کے سامنے مقدمہ پیش کیا تو عوام نے اعتماد کا اظہار کیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کے بغیر پاکستان کی جمہوریت نہیں چل سکتی ہے، عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ عمران خان کوئی مجرم نہیں ہے، صدر پاکستان فی الفور عمران خان کو رہائی کے احکامات جاری کرے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کےبغیرپاکستان کی جمہوریت نہیں چل سکتی ہے، یہ ووٹ بانی پی ٹی آئی کے نام کا ہے، اس الیکشن کی پوری دنیا مذمت کر رہی ہے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں بھی کہا تھا عوام کے پاس اپنا مقدمہ لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شکست کو تسلیم کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہیے، ہم سب سے بڑی جماعت کے طور سامنے آئے۔
لطیف کھوسہ نے دعویٰ کیا کہ ہمارے 170 پی ٹی آئی ارکان جیت گئےہیں، شکست کو تسلیم کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہونی چاہیے، یہ واحد الیکشن تھا، جس میں ووٹرامیدوار کو ڈھونڈ رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دو پارٹیوں کے درمیان بندر بانٹ ہو رہی ہے، یہ جمہوریت، ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، یہ ذہن سے نکال دیں کہ بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرکے جمہوریت چل سکتی ہے۔