کراچی: این اے 231 سے پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی ہائی کورٹ میں چیلنج
کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔231 سے پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
آزاد امیدوار خالد محمود علی نے بیرسٹر علی طاہر کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ میں عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کے خلاف درخواست دائر کی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ فارم 45 کے مطابق حکیم بلوچ حلقہ سے انتخابات ہار چکے تھے لیکن فارم 47 میں عبدالحکیم بلوچ کو 43ہزار 634 ووٹ لے کر کامیاب قرار دے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد امیدوار خالد محمود علی کو 43ہزار 245 ووٹ لے دوسرے نمبر پر ظاہر کیا گیا لہٰذا عبدالحکیم بلوچ کی کامیابی کا فارم 47 کالعدم قرار دیا جائے۔