نور بخاری کے مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے کے امکانات ختم
ماضی کی مقبول اداکارہ نور بخاری کے مخصوص نشست پر رکن اسمبلی بننے کے امکانات تقریبا ختم ہوچکے۔
نور بخاری کے خواتین کی مخصوص نشست پر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی جانب سے صوبائی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے تھے۔
تاہم اب تک کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے پنجاب اسمبلی کی صرف ایک جنرل نشست جیتی ہے۔ جس وجہ سے پارٹی کو خواتین کی مخصوص نشست نہیں مل سکے گی۔
پارٹی نے پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 149 سے ایک جنرل نشست جیتی ہے، جہاں علیم خان کامیاب ہوئے ہیں اور ایک جنرل نشست پر خواتین کی مخصوص نشست نہیں ملے گی۔
قوانین کے تحت استحکام پارٹی اگر پنجاب اسمبلی کی پانچ نشستیں جیتتی تو اسے خواتین کی ایک مخصوص نشست ملتی، اس لیے ابھی تک نتائج کے مطابق پارٹی کو خواتین کی ایک بھی نشست نہیں ملے گی۔
استحکام پاکستان پارٹی کو پنجاب اسمبلی میں خواتین کی ایک بھی مخصوص نشت نہ ملنے کے امکان کی وجہ سے نور بخاری بھی رکن اسمبلی نہیں بن سکیں گی۔
اگرچہ نور بخاری رکن اسمبلی نہیں بن سکیں گی، تاہم ان کے شوہر عون چوہدری اپنی نشست جیت چکے ہیں اور وہ رکن قومی اسمبلی ہوں گے۔