این اے 117: علیم خان کی انتخابی کامیابی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور کے حلقہ این اے 117 سے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما علیم خان کی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق آزاد امیدوار علی اعجاز بٹر نے علیم خان کی کامیابی کے خلاف درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کردی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے قانون کے منافی این اے 117 کا فارم 47 جاری کیا۔
اس میں بتایا گیا کہ ریٹرننگ افسر نے امیدوار یا اس کے نمائندے کی موجودگی میں فارم 47 جاری کرنا تھا، ہم ریٹرننگ آفسر کے آفس کے باہر موجود تھے مگر پولیس نے اندر نہیں جانے دیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت این اے 117 کا جاری فارم 47 کالعدم قرار دے۔
مزید کہا گیا کہ عدالت درخواست گزار کی موجودگی میں فارم 47 جاری کرے۔