• KHI: Maghrib 6:16pm Isha 7:31pm
  • LHR: Maghrib 5:44pm Isha 7:04pm
  • ISB: Maghrib 5:48pm Isha 7:11pm
  • KHI: Maghrib 6:16pm Isha 7:31pm
  • LHR: Maghrib 5:44pm Isha 7:04pm
  • ISB: Maghrib 5:48pm Isha 7:11pm

شاہین آفریدی سمیت دیگر کرکٹرز کی عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل

شائع February 7, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی، آل راؤنڈر افتخار احمد اور سابق کھلاڑی محمد عامر نے عوام سے 8 فروری کو ووٹ ڈالنے کی اپیل کردی۔

فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’ووٹنگ صرف ہمارا حق نہیں بلکہ یہ ایک طاقت بھی ہے‘۔

انہوں نے عوام کو کل، 8 فروری کو، ووٹ ڈالنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے اچھے مستقبل کے لیے ووٹ ڈالیں‘۔

دوسری جانب کرکٹ ٹیم کے سابق باؤلر محمد عامر نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’8 فروری کو ووٹ کاسٹ کرنا مت بھولیں، پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ کے ووٹ کی اہمیت ہے‘۔

آل راؤنڈر افتخار احمد نے ٹوئٹ کیا کہ وہ پاکستانیوں سے اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ ووٹ کا بائیکاٹ نہیں کریں بلکہ ووٹ لازمی ڈالیں۔

انہوں نے لکھا کہ ملک اور قوم کے لیے جسے آپ بہتر سمجھتے ہیں انہیں منتخب کریں۔

سابق کرکٹر وسیم اکرم نے ایکس پر لکھا کہ 8 فروری پاکستانی عوام کے لیے ایک اہم دن ہے، ہم سب اپنی تقدیر، اپنے نظام اور طرز زندگی کو بدلنا چاہتے ہیں اور جب ہم ووٹ دیتے ہیں تو ہم اس طاقت کو بہترین انتخاب کے لیے استعمال کرتے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ہمارا حق ہے، اس لیے باہر نکلیں اور ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں پاکستان زندہ باد۔’

یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں ملک بھر میں زور و شور سے جاری ہیں، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں انتخابی مہم میں مصروف ہیں، جگہ جگہ ریلیاں اور سیاسی جھنڈے اور بینرز بھی آویزاں ہیں۔

ایک جانب ملکی خراب معیشت، دہشت گردی، مہنگائی، کرائم اور دیگر مشکلات نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے وہیں کل ہونے والے عام انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کریں گے۔

اسی تناظر میں کرکٹرز سمیت کئی نامور پاکستانی اداکار بھی عوام کی حوصلہ افزائی اور شعور بیدار کرنے کے لیے ووٹ ڈالنے کی اپیل کررہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024