کراچی سمیت سندھ بھر میں 10 ہزار سے زائد رینجرز اہلکار اہم مقامات پر تعینات
سندھ میں کل 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کے لیے رینجرز، پاک فوج اور سندھ پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں رینجرز نے 10 ہزار سے زائد اہلکار اہم مقامات پر تعینات کر دیے جن میں سے 6 ہزارکراچی جبکہ 4 ہزار اہلکار سندھ بھر میں تعینات ہوں گے۔
کراچی میں کوئیک رسپانس فورس کے 440 دستے تعینات کیے گئے ہیں، اندرون سندھ میں کوئیک رسپانس کے 392 دستے تعینات ہوں گے۔
کوئیک رسپانس فورس 2 رینجرز موبائل اور 2 موٹر سائیکل اسکواڈ پر مشتمل ہوگی، رینجرز اور پاک فوج کے جوان مختلف مقامات پر گشت بھی کریں گے، کراچی اور اندرون سندھ کے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر تعیناتی بھی کی جارہی ہے۔