شفاف انتخابات کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، نگران وزیراعظم
نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملک میں شفاف انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے، انتخابات 2024 کی شفافیت کے لیے بین الاقوامی مبصرین کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے دولتِ مشترکہ کے مبصر گروپ کے سربراہ ڈاکٹر گُڈلَک ایبیلے جانتھن سےان کے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کیا۔
وزیرِ اعظم نے وفد کی انتخابات 2024 کے حوالے سے پاکستان آمد کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات 2024 کی شفافیت کے لیے بین الاقوامی مبصرین کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، حکومت بین الاقوامی مبصرین کو انتخابات 2024 کے جائزے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔