• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

برطانوی بادشاہ چارلس میں کینسر کی تشخیص

شائع February 6, 2024
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

بکنگھم پیلس سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔

خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2022 میں اپنی والدہ ملکہ الزبتھ کی موت کے بعد بادشاہ بننے والے شاہ چارلس اپنے علاج کے بارے میں مکمل طور پر مثبت رویہ رکھتے ہیں اور جلد از جلد دوبارہ عوامی ذمہ داریاں مکمل طور پر نبھانے کے منتظر ہیں۔

شاہ چارلس نے گزشتہ ماہ ہسپتال میں 3 راتیں گزاری تھیں جہاں ان کے بڑھے ہوئے پروسٹیٹ کا آپریشن کیا گیا تھا۔

بکنگھم پیلس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہسپتال میں دوران علاج کینسر کی تشخیص ہوئی، بیان میں اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں کہ بادشاہ میں کس قسم کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم شاہی خاندان کے ذرائع کے مطابق یہ پروسٹیٹ کینسر نہیں ہے۔

بیان کے مطابق بادشاہ نے پیر سے باقاعدہ علاج شروع کر دیا ہے، اس دوران انہیں ڈاکٹرز کی جانب سے اپنی تمام عوامی مصروفیات ملتوی کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس پورے عرصے کے دوران وہ معمول کے مطابق ریاستی امور اور سرکاری کاغذی کارروائی جاری رکھیں گے۔

برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک نے ’ایکس‘ پر بادشاہ چارلس کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ وہ عنقریب مکمل صحتیاب ہوجائیں گے اور میں جانتا ہوں کہ پورا ملک ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024