• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

دال میں کچھ کالا ہے، 8 مہینے بعد چیف جسٹس بننے والا استعفیٰ دے کر چلا گیا، نواز شریف

شائع February 5, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے، 8 مہینے بعد چیف جسٹس بننے والا استعفیٰ دے کر چلا گیا۔

مری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شدید سردی کے باوجود آپ لوگ یہاں موجود ہیں، مجھے مری سے بہت پیار ہے، یہ بڑا پیارا شہر ہے، مری میرا دوسرا گھر ہے، لاہور کے سواکہیں اتنا نہیں رہا، جتنا مری میں رہا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بہت سالوں کے بعد مری کے عوام سے مخاطب ہوں، مجھے مری کے عوم سے دور کردیا گیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ افسوس ہے، میرےجانے کے بعد اس ملک کو کیا ہوگیا، میں عوام کی خدمت کر رہا تھا، مزید کہا کہ میں نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، بجلی سستی کی، عوام کے لیے موٹرویز بنائیں، سستی روٹی دی۔

انہوں نے عوام سے سوال پوچھا کہ نواز شریف کا زمانہ اچھا تھا یا یہ والا؟

’وہ کٹے بچے کہاں گئے؟‘

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ججز خود استعفے دے کر گھر جا رہے ہیں، مجھے نکال دیا گیا اور میری جگہ اس کو لائے جس نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا، کیا نوکری ملی، ہاتھ کھڑا کرو، وہ کٹے بچے کہاں گئے؟ وہ مرغیاں، وہ انڈے کہاں گئے۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری کا کتنا بڑا جھوٹ بولا، کہا کہ لوگوں کو 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو گھر ملا؟

ان کا کہنا تھا کہ دال میں کچھ کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے، یہ کہتے تھے کہ یوتھ ہمارے ساتھ ہے، ان کے ساتھ کون سی یوتھ ہے، اصل یوتھ ہمارے ساتھ ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انشا اللہ مسلم لیگ (ن) آپ کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر پاکستان کی دوبارہ تعمیر کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مری میں ہسپتال بھی بننا چاہیے، دانش اسکول، یونیورسٹی کیمپس بھی ہونا چاہیے، ہم یہاں پر ایک موٹروے بھی بنائیں گے، مری کے چاروں طرف موٹروے آئے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ آج یوم کشمیر ہے، ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024