• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

عطا تارڑ کا این اے-127 میں پیپلز پارٹی پر ووٹوں کی خریداری کا الزام

شائع February 4, 2024
مسلم لیگ(ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ لاہور میں پریس کانفرنس کررہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز
مسلم لیگ(ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ لاہور میں پریس کانفرنس کررہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ(ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔127 سے مبینہ طور پر ووٹ خریدنے والے پیپلز پارٹی کے دو افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاتارڑنے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے قینچی بازار کیمپ آفس سے دوافراد کوپکڑا ہے اور دعویٰ کیا کہ دونوں افراد رقم کےعوض قرآن پاک پر ہاتھ رکھوا کر لوگوں سے بلاول بھٹو کو ووٹ ڈالنے کا حلف لے رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقدس کتابوں پر ہاتھ رکھوا کر ضمیر خریدنے کی کوشش کی گئی، مقدس کتابیں رہنمائی کرنے کے لیے ہوتی ہیں رشوت خوری کے لیے نہیں، آپ کو سیاست کے لیے مذہب کا استعمال کرنے کی کس نے اجازت دی۔

عطا تارڑ نے کہا کہ میں اپنے حلقے میں ووٹوں کی خریداری نہیں ہونے دوں گا اور مبینہ دھاندلی پر الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو پنجاب میں انتشار اور کرپشن کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ہماری قیادت نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے، ہم نے نوٹوں نہیں بلکہ ہمیشہ ووٹوں کی سیاست کی۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی نگرانی میں ووٹوں کی خریداری ہورہی ہے، الیکشن ایکٹ اور آئین کی خلاف ورزی کررہے ہیں، لاڈلے کو رکن قومی اسمبلی بنانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پیسہ سندھ کی عوام کا حق تھا جو ان سے چھینا گیا، وہاں پر آج سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور لوگوں کی جان و مال محفوظ نہیں ہے، وہاں لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو انتخابی مہم میں کہیں نظر نہیں آرہے، ہم تو حلقے کے کونے کونے میں گئے ہیں، میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آپ حلقے میں جاتے نہیں، عوام کو ملتے نہیں، نہ ڈور ٹو ڈور کمپین کررہے ہیں نہ کارنر میٹنگز کررہے ہیں، صرف اور صرف پیسے کے سہارے بیٹھے ہیں کہ کسی طریقے سے ووٹ خریدے جائیں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔127 سے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعت کی طرف سے ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کا نوٹس لے لیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب کے صوبائی الیکشن کمشنر کو واقعات کی تحقیقات کر کے رپورٹ فوری جمع کرانے کے احکامات جاری کر دیے ۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025