• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

نیوکراچی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے درمیان تصادم، فائرنگ سے بچہ جاں بحق

شائع February 3, 2024
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

نیوکراچی میں پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 12 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق گولیاں لگنے اور ڈنڈے کے وار سے 2 بچوں سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق نیو کراچی سیکٹر 11 جے میں شادی میں شریک افراد نے سیاسی جماعت کا پوسٹر پھاڑدیا تھا جس پر جھگڑا ہوا۔

جھگڑے کا مقدمہ پیپلزپارٹی کارکن یوسف کی مدعیت میں نیوکراچی تھانے میں درج کیا گیا۔

ایف آئی آر میں ایم کیوایم کے 3 کارکن اور 20 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی اور اقدام قتل کی دفعات بھی شامل کی گئیں۔

دریں اثنا پولیس نے نیو کراچی میں رات گئے تصادم کے الزام میں ایم کیو ایم (پاکستان) اور پیپلزپارٹی کے 34 کارکنان کو حراست میں لے لیا۔

پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ مزید تفتیش کے بعد فائرنگ کے واقعہ میں ملوث دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

جاں بحق بچہ، زخمی کارکن پارٹی کی کارنر میٹنگ میں شریک تھے، سعید غنی

رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی نے دعویٰ کیا ہے کہ نیو کراچی میں فائرنگ سے جاں بحق بچہ اور زخمی کارکن پارٹی کی کارنر میٹنگ میں شریک تھے۔

انہوں نے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان پر تشدد کیا جارہا ہے اور انہیں انتخابی مہم چلانے سے روکا جارہا ہے۔

سعید غنی نے ان واقعات میں ملوث فراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

نیوکراچی میں تصادم، فائرنگ کی ذمہ دار پیپلزپارٹی ہے، خواجہ اظہار الحسن

سعید غنی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما ایم کیوایم خواجہ اظہار الحسن نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر پارٹی پرچم اتارنے کا الزام عائد کرتے ہوئے نیوکراچی میں تصادم کی ذمہ داری پیپلزپارٹی پر ڈال دی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نارتھ کراچی سیکٹر الیون میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے فائرنگ کی جس سے عبدالرحمٰن نامی بچہ اور ایک ساتھی زخمی ہوا۔

خواجہ اظہار الحسن نے پولیس کو جانبدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ایک سیاسی جماعت کی ملازم ہوچکی ہے، جو پیپلزپارٹی کے خلاف رپورٹ درج کرانے جائے گا اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔

خواجہ اظہار الحسن نے سیاسی جماعت کی حمایت کرنے والے پولیس افسران کو ہٹانے کامطالبہ کیا۔

قبل ازیں 29 جنوری کو کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر دو میں بھی رات گئے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم-پاکستان کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوگیا تھا، اس دوران فائرنگ سے ایم کیو ایم کا کارکن جاں بحق جبکہ پیپلز پارٹی کا زخمی ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024