بلوچستان: نوشکی میں سٹی تھانے پر دستی بم حملہ
بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سٹی تھانے پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دستی بم حملے میں تھانے کے گیٹ کو جزوی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل صبح کوئٹہ میں سیاسی جماعت کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
’ڈان نیوز ’ کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کے نواحی علاقہ ملاخیل آباد میں سیاسی جماعت مظلوم اولسی تحریک کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمی شخص کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بعد ازاں، بلوچستان کے ضلع گوادر کی تحصیل جیونی میں سرکاری اسکول کے اسپورٹس روم میں کریکر حملہ کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں چھت کو نقصان پہنچا ہے۔
یاد رہے کہ کچھ دنوں سے بلوچستان میں حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، گزشتہ روز کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں دھماکے کئے گئے تھے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سی پیک روڈ پر دھماکے سے ایک شخص شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔
مطابق کوئٹہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ (ایس اپی) پولیس آپریشنز جواد طارق نے بتایا تھا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔
گزشتہ روز ہی علیحدہ واقعے میں رات گئے نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے شالکوٹ تھانے پربھی دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے تھے، علاوہ ازیں، بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں بھی شرپسندوں کی جانب سے دستی حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوگئے تھے۔
ایس ایس پی جعفر آباد فریال فرید نے میڈیا نمائندوں کو بتایا تھا کہ نامعلوم افراد نے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر کھڑی ایک ٹرک پر دستی بم پھینکا جو روڈ کنارے گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے شہر کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں ہونے والے دھماکوں کا نوٹس لے لیا تھا۔