کینیا: سیلنڈر دھماکے کے بعد خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، 3 افراد ہلاک، 300 زخمی
کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں گیس سیلنڈر دھماکے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 300 کے قریب زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق واقعہ نیروبی کے ضلع ایمباکسی میں مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے بجے پیش آیا، سرکاری ترجمان کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر لے جانے والی گاڑی میں دھماکا ہوا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ آگ نے قریبی عمارت، گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
دھماکے کے بعد آگ ہر طرف پھیل گئی جس کے نتیجے میں قریبی مکانات، کاروبار اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ فلیٹوں کے بلاکس کے قریب بھی آگ بھڑک رہی ہے۔
کینیا پولیس نے کہا کہ واقعے میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں، جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے، جبکہ تقریباً 300 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکومتی ترجمان کے مطابق دھماکے سے آگ بڑے پیمانے پر پھیل گئی تھی، دھماکے کے بعد گیس سلنڈر ہوا میں اڑتا ہوا گارمنٹس اور ٹیکسٹائل کے گودام سے ٹکرا گیا تھا جس کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ رہائشی مکانات میں بھی آگ لگ گئی، کافی تعداد میں مکین اب بھی اندر موجود ہیں کیونکہ رات کا وقت تھا۔
عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے دھماکے کے فوراً بعد زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے تھے۔