• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:35am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:35am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

میری والدہ بھی طلعت حسین جیسی بیماری کا سامنا کر رہی ہیں، فضیلہ قاضی کا انکشاف

شائع February 1, 2024
—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے اداکاری کا آغاز کرنے والی سینیئر اداکارہ فضیلہ قاضی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ بھی اداکار طلعت حسین جیسی بیماری اور مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔

فضیلہ قاضی نے انسٹاگرام پر طلعت حسین کے ساتھ اپنے پرانے ڈرامے اچانک کی ایک کلپ شیئر کی، جس میں انہوں نے سینیئر اداکار کی بیوی کا کردار ادا کیا تھا۔

مذکورہ ڈرامے میں طلعت حسین نے ان سے زائد العمر شخص جب کہ اداکارہ نے ان کی کم عمر اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا۔

ڈرامے کی کلپ شیئر کرتے ہوئے فضیلہ قاضی نے طلعت حسین کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں اور اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ انہوں نے سینیئر اداکار کے ساتھ کام کیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ انہوں نے حال ہی میں طلعت حسین کی انسٹاگرام پر ایک ویڈیو دیکھی، جس میں انہیں اداکار کی بیماری کا علم ہوا۔

انہوں نے طلعت حسین کی لمبی عمر اور صحت یابی کی دعائیں کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی والدہ بھی اداکار جیسی بیماری سے گزر رہی ہیں۔

فضیلہ قاضی نے لکھا کہ انہیں بخوبی اندازہ ہے کہ ایسی بیماری میں خاندان کن مشکل حالات سے گزر رہا ہوتا ہے اور ان کی تمام ہمدردیاں اداکار اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

اداکارہ نے طلعت حسین کی صحت یابی کی دعائیں کیں اور مداحوں کو بھی ان کی صحت یابی کی دعا کرنے کی اپیل کی۔

اداکارہ کی پوسٹ پر درجنوں صارفین نے کمنٹس کرتے ہوئے طلعت حسین کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں اور ساتھ ہی صارفین نے فضیلہ قاضی اور طلعت حسین کی اداکاری کو سراہا اور لکھا کہ دونوں نے یادگار ڈراما کیا۔

خیال رہے کہ چند دو دن قبل اداکار فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ ثنا قریشی نے طلعت حسین کے ساتھ ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ ان میں دماغی غیر فعالیت کی بیماری ڈیمینشیا کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس سے قبل طلعت حسین کی صاحبزادی اداکار تزئین حسین نے ٹی وی چینل کو بتایا تھا کہ اداکار میں دماغی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے، وہ باتوں، افراد اور جگہوں کو بھول جاتے ہیں، انہیں کچھ یاد نہیں رہتا۔

اس سے قبل اداکار کی اہلیہ نے بتایا تھا کہ طلعت حسین کے پھیپھڑوں میں بھی خرابی ہے، سگریٹ نوشی کی وجہ سے ان کے پھیپھڑے کمزور ہو چکے ہیں اور ان میں پانی بھر جاتا ہے، جسے میڈیکل پراسیجر کے ذریعے نکالا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025