• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سکھ رہنما کے قتل کی سازش، امریکا نے بھارت کو اربوں ڈالر کے ڈرونز کی سپلائی روک دی

شائع February 1, 2024
سکھ رہنما گرپریت سنگھ پنوں ۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سکھ رہنما گرپریت سنگھ پنوں ۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

امریکا نے سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کی معنی خیز تحقیقات تک بھارت کو 3ارب ڈالر مالیت کے نئی ٹیکنالوجی کے حامل ڈرونز کی فراہمی روک دی ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’دی وائر‘ کی رپورٹ کے مطابق خالصتان تحریک کے روح رواں اور سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں امریکا اور کینیڈا کی دوہری شہریت رکھتے ہیں اور امریکا ان پر دہشت گردی کے الزامات عائد کرتا رہا ہے۔

بھارتی بحریہ کے لیے سمندری حفاظت کی صلاحیت کے حامل 15 ڈرونز کی خریداری کی تجویز پیش کی گئی تھی جبکہ بھارتی آرمی اور فضائیہ کو آٹھ، آٹھ اسکائی گارجین ڈرونز ملنے تھے۔

ان ڈرونز کے علاوہ امریکا نے بھارتی بحریہ کے لیے دور تک نشانہ لگانے والے 6 بوئنگ پی8 آئی میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ کی خریداری کو بھی روک دیا ہے۔

بھارتی وزارت دفاع نے جون 2023 میں وزیر اعظم کے امریکا کے سرکاری دورے سے ایک ہفتہ قبل ہی ڈرونز کی تنصیب کی منظوری دی تھی اور ان ڈرونز کو اب نصب کردیا گیا ہے اور اسی عرصے کے دوران بھارتی سیکیورٹی حکام نے مبینہ طور پر سکھ رہنما کو قتل کی منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

امریکا میں موجود ایک معتبر ذرائع نے بتایا کہ آج یہ خریداری امریکی کانگریس میں رکی ہوئی ہے کیونکہ گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی کوشش پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور اب امریکی نمائندوں نے ان ہتھیاروں کی خریداری کے لیے درکاری قانونی عمل کو منجمد کردیا ہے۔

امریکا کی پالیسی سازی میں اعلیٰ عہدے پر کام کرنے والے عہدیدار نے یہ بیان نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر دیا کیونکہ انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

ان خطرناک ہتھیاروں کی بھارتے کو فراہمی میں تعطل کے حوالے سے امریکی عہدیدار نے بتایا کہ نکھل گپتا نامی بھارتی شہری پر فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد بھارتی نژاد امریکی قانون دانوں اور اراکین نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

نکھل گپتا پر سکھ رہنما کے قتل کی سازش کی فرد جرم عائد کی گئی ہے اور وہ اس وقت جمہوریہ چیک میں ہیں جہاں سے انہیں امریکا منتقل کیا جائے گا۔

بھارتی نژاد کانگریس کے پانچ رہنماؤں کو بائیڈن انتظامیہ نے پنوں کے قتل کے حوالے سے کی گئی سازش کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی تھی جس کے بعد ان رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ بھارت کے لیے ضروری ہے کہ وہ بھارتی حکومت کے عہدیداروں سمیت اس قتل کی سازش میں ملوث افراد کے خلاف مکمل تحقیقات کر کے ذمے داران کو قانون کے کٹہرے میں لے کر آئے اور اس بات کی یقین دہانی بھی کرائے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہو گا۔

امریکی فیڈرل پراسیکیوٹرز نے الزام لگایا ہے کہ نکھل گپتا نے گرپتونت سنگھ کو قتل کرنے کے لیے ایک کرائے کے قاتل کو ایک لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا اور یقین دہانی کرائی تھی کہ ایسا دوبارہ نہیں ہو گا۔

29 نومبر کو امریکی وفاقی پراسیکیوٹرز نے نکھل گپتا پر کسی کو قتل کرنے کے لیے کرائے پر خدمات حاصل کرنے کی فرد جرم عائد کی تھی جس کی سزا 10سال قید ہے۔

بھارتی نژاد امریکیوں قانون دانوں نے بھارتی حکومت کو خبردار کیا تھا کہ اگر اس نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری طور پر مسئلے کے حل کی کوشش نہ کی تو اس کے امریکا اور بھارت کے سفارتی تعلقات پر شدید منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024