• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

ایک بار پھر پارٹی دہشتگردوں کے نشانے پر ہے، بلاول بھٹو

شائع February 1, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کے اصل مسائل کا نہ صرف مقابلہ کرے گی بلکہ فتح بھی حاصل کرے گی، یہی وجہ ہے کہ ایک بار پھر میری پارٹی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔

خضدار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کی تشدد، ان کی نفرت اور تقسیم کی وجہ سے، شاید یہ جو بچہ ہے، یہ خوفزدہ ہو جائے گا، یہ پیچھے ہٹ جائے گا، یہ ان کی بھول ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عوام جانتے ہیں صرف پیپلزپارٹی ان کے مسائل حل کر سکتی ہے، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل کو سمجھتی ہے، میرے بلوچ بہن بھائی دکھ اور تکلیف سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہی عوام کے تمام مسائل کو حل کرے گی، پیپلزپارٹی کے جیالے حملوں سے گھبرانے والے نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم شہدا کے وارث ہیں، کسی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے، 8 فروری کو ووٹ کی طاقت سے جواب دیں گے، 8 فروری کو بلوچستان میں تیروں کی بارش ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی خدمت اس طرح کروں گا جیسے بیٹا ماں کی خدمت کرتا ہے، بلوچستان کے عوام سے رشتہ الیکشن کی وجہ سے نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق کی 17 وزارتیں ختم کر کے 300 ارب روپے عوام پر خرچ کروں گا، ایک ہزار ارب روپے کی اشرافیہ کو سبسڈی دی جاتی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ وعدہ کرتا ہوں، ملازمین کی تنخواہ دگنی کروں گا، غریب عوام کے لیے 30 لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرےگی، ایک شخص کہتا ہے 2013 میں لوڈشیڈنگ ختم کی، لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے پر ہنسی آتی ہے، لوڈشیڈنگ صرف رائے ونڈ میں ختم ہوئی، ملک میں تو آج بھی اندھیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی خدمت اس طرح کروں گا جیسے بیٹا ماں کی خدمت کرتا ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کروں گا، بلوچستان کے عوام سے اپیل ہے تشدد کی سیاست کا حصہ نہ بنیں، قائداعظم نے ایک گولی نہیں چلائی، پاکستان بنا کر دکھا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو ظلم و زیادتی کا موقع ہی نہ دیں، بیروزگار نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ میں بلوچستان کے شہدا کا دکھ سمجھتا ہوں، وہ جانتے ہیں کہ میں بلوچستان کے عوام کے مسائل جانتا ہوں، وہ جانتے ہیں کہ میں نہ صرف دہشت گردوں کا مقابلہ کروں گا، مگر یہ بھی جانتے ہیں کہ ان کا جو لاپتا افراد ہیں، اس مسئلے کا حل بھی میں ہی نکال سکتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جانتے ہیں کہ جو وفاق کے خلاف اگر کوئی سازش ہے، اگر کوئی وفاق کو توڑنا چاہتا ہے، اگر کوئی بلوچستان کے عوام اور وفاق کے درمیان دراڑیں پیدا کرنا چاہتے ہیں تو واحد بلاول بھٹو زرداری ہے، جو یہ سازش بھی ناکام کرے گا۔

’اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر تمام قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں‘

بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے، جو ڈرتی نہیں ہے، جو جھکتی نہیں ہے، ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہو کر تمام قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، مگر اپنے عوام کے حق پر سودا نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے، جو بلوچستان کے عوام کے اصل مسائل، بیروزگاری، مہنگائی، غربت کے مسائل کا نہ صرف مقابلہ کریں گے، بلکہ فتح بھی حاصل کریں گے، یہی تو وجہ ہے کہ ایک بار پھر میری پارٹی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کی تشدد، ان کی نفرت اور تقسیم کی وجہ سے، شاید یہ جو بچہ ہے یہ خوفزدہ ہو جائے گا، یہ پیچھے ہٹ جائے گا، یہ ان کی بھول ہے۔

’سر کٹ سکتا ہے، مگر دہشت گرد کے سامنے جھک نہیں سکتا‘

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ پچھلے چند دنوں میں ان سازشی قوتوں، دہشت گرد تنظیموں نے پیپلزپارٹی کے امیدواروں پر کتنے حملے کیے ہیں، مستونگ میں اور تربت میں پیپلزپارٹی کے دو امیدواروں پر حملے ہوئے، اسی طرح بولان اور کوئٹہ میں حملے ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا یہ خیال تھا کہ بلاول بھٹو ان حملوں کی وجہ سے خوفزدہ ہو جائے گا، یہ ان کی بھول ہے، ہم شہیدوں کی جماعت ہے، ہمارا سر کٹ تو سکتا ہے مگر کسی دہشت گرد کے سامنے جھک نہیں سکتا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025