• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بلوچستان: کوئٹہ میں سی پیک روڈ پر دھماکا، ایک شخص جاں بحق

شائع February 1, 2024
—فائل فوٹو: غالب نہاد
—فائل فوٹو: غالب نہاد

بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں سی پیک روڈ پر دھماکے سے ایک شخص شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ کے سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس آپریشنز جواد طارق نے بتایا کہ دھماکے میں 8 سے 10 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، جاں بحق شخص کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی تفتیش کےمطابق جاں بحق شخص راہ گیر تھا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکہ خیز مواد سڑک کے درمیان فٹ پاتھ پر نصب کیا گیا تھا دھماکے بجلی کے ٹاور کو بھی نقصان پہنچا، ان کا مزید کہنا تھا کہ چیکنگ سمیت دیگر حفاظتی انتظامات کیے جارہے ہیں، دھماکے سے متعلق فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی گہما گہمی کے حوالے سے سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

ایس ایس پی آپریشن جواد طارق نے ڈان ڈاٹ کام کو ہونے والے ایک علیحدہ واقعے کے بارے میں بتایا کہ رات گئے نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے شالکوٹ تھانے پربھی دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے، دستی بم تھانے کے اندر گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا اور اسپلنٹر لگنے سےاسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) رضا محمد معمولی زخمی ہوگئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ضلع کیچ ضیا مندوخیل کا کہنا تھا کہ تربت بازار میں بھی ایک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ہے جنہیں سول ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے فرد کی حالت خطرے سے باہر ہے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کررہے ہیں تاہم دھماکے کی نوعیت سے متعلق بتانا قبل از وقت ہوگا۔

علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے جعفر آباد میں بھی شرپسندوں کی جانب سے دستی حملہ ہوا، ایس ایس پی جعفر آباد فریال فرید نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر کھڑی ایک ٹرک پر دستی بم پھینکا جو روڈ کنارے گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد معمولی زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سول ہسپتال ڈیرہ اللہ یار منتقل کردیا گیا ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے ڈیرہ اللہ یار میں ہونے والے دھماکے کی سخت مذمت کردی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نگران حکومت امن و مان کو یقینی بنائے, دہشت گرد عوام کو ووٹ کا حق استعمال کرنے سے روکنا چاہتے ہیں، ان سے مرعوب نہیں ہوں گے اور پاکستان میں امن واپس لائیں گے، انشاء اللہ۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیاسی کارکنوں کے جذبے اور ہمت کو بھی سلام پیش کرتا ہوں اور دعا ہے کہ اللّہ زخمیوں کو جلد اور مکمل شفا عطا فرمائے، آمین

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024