• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عام انتخابات سے قبل نگران حکومت کا پیٹرول، ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا اعلان

شائع February 1, 2024
فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

حکومت نے عام انتخابات سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 13 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا ہے۔

8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات بالخصوص پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا ہے۔

وزارت خزانہ سے جاری اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 13 روپے 55 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 272 روپے 89 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 2 روپے 75 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 278 روپے 96 پیسے ہو گئی ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔

واضح رہے کہ 15 جنوری کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 259 روپے 34 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 21 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی تھی۔

ذرائع نے ڈان اخبار کو بتایا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور امپورٹ پریمیم بڑھنے کی وجہ سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا 31 جنوری سے اگلے پندرہ روز کے لیے 5 تا 9 روپے فی لیٹر بڑھنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی عالمی منڈیوں میں قیمتیں گزشتہ 15 دن کے دوران بڑھی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو امپورٹ پریمیم کی مد میں بھی زائد ادائیگی کرنی پڑی، حالانکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں اضافہ ہوا۔

ذرائع نے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت 3 ڈالر بڑھ کر 83 ڈالر سے 86.5 ڈالر فی بیرل ہوگئی، اسی طرح ڈیزل 2 ڈالر مہنگا ہو کر 95.6 ڈالر سے 97.5 ڈالر فی بیرل ہوگیا، اس کے برعکس امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی قدر تقریباً ایک روپے 50 پیسے بڑھی، اور جنوری کے نصف تک 281 کے برعکس 280 روپے پر آگئی۔

ذرائع کے مطابق پی ایس او کی جانب سے کارگو کے پریمیم میں 2 ڈالر کا اضافہ ہوا، پیٹرول کے لیے 4.2 ڈالر سے بڑھ کر 6.5 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کے لیے 7.5 ڈالر سے بڑھ کر 9.5 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حکومت پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر پہلے ہی 60 روپے فی لیٹر ڈیولپمنٹ لیوی وصول کر رہی ہے جو قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ حد ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024