سبی میں انتخابی ریلی کے دوران دھماکے پر امریکا کا اظہار مذمت
امریکا نے بلوچستان کے شہر سبی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی انتخابی ریلی پر بم دھماکے پر اظہار مذمت کیا ہے۔
اپنے بیان میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ دھماکا انتخابی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو بلا خوف و خطر اپنے نمائندے منتخب کرنے کا پورا حق ہے۔
ترجمان نے دھماکے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سبی میں جناح روڈ پر پی ٹی آئی کی ریلی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔
سبی میں انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کی ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں دھماکا ہوا تھا۔
سبی کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بابر نے عام انتخابات سے محض 9 دن قبل ہونے والے دھماکے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تصدیق کی تھی۔
ایس ایچ او سٹی سبی پولیس اسٹیشن ذکا اللہ گجر نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ زخمی افراد کو سول ہسپتال سبی منتقل کیا جا رہا ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔