• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

اینکر اشفاق اسحٰق نے رابعہ انعم کو الزامات لگانے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا

شائع January 31, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اہلیہ نومائیکا پر تشدد کے الزامات کا سامنے کرنے والے اینکر اشفاق اسحٰق ستی نے ٹی وی میزبان رابعہ انعم کو الزامات لگانے اور بدنام کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

اشفاق اسحٰق ستی پر ان کی اہلیہ نومائیکا نے 28 جنوری کو سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بدترین تشدد اور جان سے مارنے کی کوشش کے الزامات عائد کیے تھے اور ساتھ ہی اپنے جسم پر تشدد کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔

نومائیکا کی پوسٹ کے بعد رابعہ انعم نے ان کی پوسٹس کو نہ صرف شیئر کیا بلکہ ان کا ساتھ بھی دیا اور اینکر اشفاق اسحٰق ستی پر دیگر الزامات بھی لگائے، جس کے بعد اب اینکر نے انہیں قانونی نوٹس بھجوادیا۔

اشفاق اسحٰق ستی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر قانونی نوٹس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے رابعہ انعم کو الزامات لگانے پر نوٹس بھجوادیا۔

اینکر کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رابعہ انعم نے حقائق جانے بغیر یک طرفہ کہانی سے متعلق اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اشفاق اسحٰق ستی کے خلاف الزامات لگائے۔

نوٹس کے مطابق رابعہ انعم نے اینکر کو خواتین پر تشدد کرنے والے مجرم کے طور پر پیش کیا، جس سے ان کی شہرت اور ساکھ کو نقصان پہنچا جب کہ وہ شدید ڈپریشن میں چلے گئے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رابعہ انعم کی جانب سے شواہد کے بغیر اشفاق اسحٰق ستی پر الزامات لگانا نہ صرف فوجداری قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ سول قوانین کے بھی خلاف ہے۔

نوٹس کے مطابق رابعہ انعم کو الزامات لگانے پر فوجداری اور سول مقدمات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے انہیں تجویز دی جاتی ہے کہ وہ اپنے الزامات واپس لے کر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اشفاق اسحٰق ستی سے معافی مانگ کر ان کی حمایت پر پوسٹس کریں۔

رابعہ انعم کو تجویز دی گئی ہے کہ وہ اشفاق اسحٰق ستی کے حق اور تعریف میں پوسٹس کرکے ان کے خلاف لگائے الزامات کو جھوٹا قرار دیں، دوسری صورت میں انہیں 10 کروڑ روپے کا ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ رابعہ انعم کی جانب سے معافی نہ مانگے جانے کی صورت میں ان کے خلاف 10 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا جب کہ اشفاق اسحٰق ستی کی قانونی ٹیم کی فیس کا وزن بھی وہ برداشت کریں گی۔

اشفاق اسحٰق ستی کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے کی پوسٹ کو رابعہ انعم نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ وہ قانونی نوٹس ملنے پر ڈر گئی ہیں۔

اسی طرح رابعہ انعم نے ایک صارف کے سوال پر تصدیق کی کہ انہیں ملنے والے قانونی نوٹس پر وکیل جبران ناصر اور ان کی ٹیم کام کر رہی ہے، انہیں دوسرے وکلا کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024