• KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:49am
  • LHR: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:41am
  • KHI: Fajr 5:30am Sunrise 6:49am
  • LHR: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • ISB: Fajr 5:14am Sunrise 6:41am

نیپرا کا بجلی 5 روپے 62 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

شائع January 31, 2024
ممبر نیپرا مقصود انور کا کہنا تھا کہ اگر ترسیل کا نظام بہتر نہیں کیا گیا تو ماہانہ ایڈجسٹمنٹس بڑھتی جائے گی۔—فائل فوٹو: کے ای/فیس بک
ممبر نیپرا مقصود انور کا کہنا تھا کہ اگر ترسیل کا نظام بہتر نہیں کیا گیا تو ماہانہ ایڈجسٹمنٹس بڑھتی جائے گی۔—فائل فوٹو: کے ای/فیس بک

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5 روپے 62 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق نیپرا میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی دسمبر 2023 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 5 روپے 62 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، دوران سماعت بتایا گیا کہ سی پی پی اے نے 5 ارب روپے سے زائد کی سابقہ ایڈجسٹمنٹس مانگی ہیں۔

دوران سماعت ممبر نیپرا مطہر نیاز رانا کا کہنا تھا کہ جوہری ایندھن کی ری فیولنگ سے ایٹمی بجلی کم پیدا کی گئی، ممبر نیپرا رفیق شیخ نے دریافت کہ میرٹ آرڈر کی خلاف ورزی اور سسٹم کی مشکلات سے کتنا بوجھ پڑا ؟ یہ سسٹم کب تک چلتا رہے گا؟ اس پر کیا پلان ہے یا ہم اسے ہی بیچتے رہیں گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے مسائل چل رہے ہیں، یہ حل کب تک ہوں گے؟ کیا اداروں کے پاس کوئی حل ہے؟ رواں ماہ بھی بجلی کی ترسیل کے حوالے سے تین دفعہ مسئلہ ہوا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج جو قیمت بڑھانے جارہے ہیں اس سے انڈسٹری کتنی بیٹھ جائے گی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی(این ٹی ڈی سی) کے پاس اس کا کوئی پلان ہی نہیں ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ ماہ بجلی کی کھپت میں 10 فیصد کمی ہوئی ہے جبکہ نیپرا حکام نے بتایا کہ انڈسٹری کی جانب سے کھپت میں 13 فیصد تک کمی ہوئی۔

ممبر نیپرا مقصود انور کا کہنا تھا کہ اگر ترسیل کا نظام بہتر نہیں کیا گیا تو ماہانہ ایڈجسٹمنٹس بڑھتی جائے گی۔

بعد ازاں نیپرا نے این ٹی ڈی سی سے سسٹم کی بہتری کےحوالے سے آئندہ 3 سال کا واضح پلان مانگتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا، نیپرا ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن جاری کرے گا، درخواست پر من و عن اضافے سے بجلی صارفین پر تقریباً 49 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

یاد رہے کہ 15 جنوری کو سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی درخواست دائر کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024