عمران خان نے سیاست کو داغدار کیا، سامنے آگیا اصل چور کون تھا، مریم اورنگزیب
سابق وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے سیاست کو داغدار کیا، سب کو ساتھ ملا کر چوریاں کیں، آج سامنے آرہا ہے کہ اصل چور کون تھا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ملکی بہتری کے بڑے بڑے منصوبے بنے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں کرپشن کم ہوئی، اوپر بیٹھا شخص صادق و امین تھا اس لیےکرپشن نہیں ہوئی، نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں ڈالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست کو داغدار کیا، پی ٹی آئی نے اپنا دور دوسروں کو چور چور کہتے ہوئے گزارا، پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا، اِن کے دورِ حکومت میں ایک اینٹ نہیں لگی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ چور چورکے تاثر کو اپنا بیانیہ بنانے کی کوشش کی گئی، چور خود چور چور کا شور مچا رہے تھے، اپوزیشن کو جیلوں میں رکھ کر چور چور کا جھوٹا بنانیہ بنایا گیا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ سب کو ساتھ ملا کر چوریاں کیں، آج سامنے آرہا ہے کہ اصل چور کون تھا، اِن سے چوری کا جواب مانگو تو ریاست پر حملہ کرتے ہیں، جنہوں نے چوری نہیں کی وہ جواب دیتے ہیں، سوال پوچھو تو ججز کو دھمکیاں دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں کیا لگتا تھا کہ شور مچائیں گے تو چوری معاف ہوجائےگی؟ انہوں نے بچوں کو بدتمیز بنایا کہ دوسروں کو چور کہو۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ایک روپے کی چوری نہیں ہوئی، چوری نہ کرنے والے 3 نسلوں کا جواب دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک سےمہنگائی ختم کرنی ہے تو نواز شریف کو لانا ہوگا، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو نواز شریف کو لانا ہوگا۔