ایم کیو ایم پاکستان اپنے شہید ساتھیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی، فاروق ستار
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنے شہید ساتھیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔
ڈان نیوز کے مطابق فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سازش کے ذریعے ایم کیو ایم پاکستان کی انتخابی مہم میں شرانگیزی کی جارہی ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے انتخابی دفاتر میں گھس کر کارکنان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے بتایا کہ ہمارے کارکنان سے ان کے جینے کا حق چھینا جارہا ہے، گزشتہ 3 ماہ میں 6 سے زائدکارکنان کو ایک جماعت کے دہشتگردوں نے شہید کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناظم آباد کے جوائنٹ انچارج فراز کو 2 روز قبل شہید کردیا گیا، ایم کیو ایم پاکستان اپنے شہید ساتھیوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر دو میں رات گئے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کارکنان کے درمیان تصادم ہوگیا تھا۔
اس تصادم کے دوران فائرنگ سے ایم کیو ایم کا کارکن جاں بحق جبکہ پیپلز پارٹی کا زخمی ہوگیا تھا۔
گلبہار تھانے کے ہاؤس افسر (ایس ایچ او) شبیر حسین نے بتایا تھا کہ واقعہ ایم کیو ایم پاکستان کے دفتر کے باہر اس وقت پیش آیا جب پیپلز پارٹی کی ریلی وہاں سے گزر رہی تھی۔