• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اہلیہ کے گھریلو تشدد کے الزامات: اشفاق اسحٰق ستی نے ویڈیو بیان جاری کردیا

شائع January 30, 2024
فوٹو: فیس بُک اسکرین شاٹ
فوٹو: فیس بُک اسکرین شاٹ

اہلیہ نومیکا کی جانب سے گھریلو تشدد کے الزامات کے بعد ان کے شوہر اور نامور اینکرپرسن اشفاق اسحٰق ستی نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کا میڈیا ٹرائل کرنے کے بجائے اس کا فیصلہ عدالت کو کرنے دیں، وہ اس وقت شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔

انہوں نے فیس بُک پر ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ایک تصویر کی دو سائیڈ ہوتی ہیں اسی طرح کسی بھی کہانی کے دو رخ ہوتے ہیں، ’میری اہلیہ کے ساتھ میرا جھگڑا نجی معاملہ ہے، یہ دو میاں بیوی کے آپس کا معاملہ ہے، پاکستان میں ہر میاں بیوی کے درمیان جھگڑے ہوتے ہیں۔‘

اینکرپرسن نے کہا کہ اہلیہ کے ساتھ ہونے والے جھگڑے کے معاملے پر ان کی کردار کشی کی گئی، معاملے کو غلط انداز میں پیش کیا گیا، ایک شریف انسان کو اچانک درندہ بنا کر پیش کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ذاتی زندگی کو ہر جگہ اچھالا جارہا ہے، ان معاملات پر بات کی جارہی ہے جس کے بارے میں کوئی نہیں جانتا جس پر انہیں افسوس ہے۔

اینکرپرسن نے کہا کہ نومیکا اور ان کے درمیان گھریلو تشدد کے الزامات کے کیس پر پولیس تحقیقات کررہی ہے، عدالت کو اس کیس کا فیصلہ کرنے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس کیس کے میڈیا ٹرائل پر بھی بات کرنا چاہتے ہیں، وہ میڈیا ٹرائل کے خلاف اپنے پروگرام میں بھی بات کرتے آئیں ہیں، اشفاق ستی نے کہا کہ ایک جانب عدالت موجود تو دوسری طرف لوگ میڈیا کی عدالت لگا کر بیٹھے ہیں اور اس پر صرف یکطرفہ مؤقف ہے۔

اینکرپرسن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے اور تیسری اہلیہ زارا انصاری کے رشتے کے خلاف آواز اٹھائی جارہی ہے، زارا انصاری کے ساتھ ان کی شادی کو تین سال کا عرصہ ہوچکا ہے اور ڈیڑھ سال کا بچہ بھی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اینکر پرسن زارا انصاری کے ساتھ شادی سے متعلق تمام باتیں دوسری اہلیہ نومیکا کو معلوم تھیں، نومیکا کی رضامندی سے ہی انہوں نے تیسری شادی کی تھی۔

اشفاق ستی نے کہا کہ ’نومیکا کے پاس بھی خلا کا آپشن موجود تھا لیکن وہ میرے بچوں کے ساتھ میرے ساتھ ریتی تھیں، میری ہمیشہ ترجیح تھی کہ انہیں ہر معاملے میں فوقیت دی جائے کیونکہ وہ میرے بچے سنبھال رہی تھیں۔‘

اینکر پرسن نے کہا کہ ’نومیکا کا مطالبہ تھا کہ میں اپنی تیسری بیوی کو طلاق دے دوں، وہ مجھے بلیک میل کررہی تھیں، یہ کیس عدالت میں جاری ہے اور امید ہے کہ مجھے انصاف ملے گا۔ ’

اشفاق اسحٰق ستی نے ساتھی اینکرپرسن رابعہ انعم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں پہلے ہی وحشی، درندہ اور مجرم ثابت کرچکی ہیں، ان کے ساتھ احترام کا تعلق تھا، ’رابعہ انعم نے ایک بار بھی میسج یا کال کرکے میرا مؤقف جاننے کی کوشش نہیں کی، وہ سوشل میڈیا پر میری پہلی شادی سے متعلق من گھڑت باتیں شئیر کرکے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کررہی ہیں جس کی وجہ سے میں ذہنی دباؤ کا شکار ہوں۔‘

اینکرپرسن نے انکشاف کیا کہ ان کی بیوی اور بچوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شئیر کرکے انہیں قتل کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

اشفاق ستی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کا کیس اچھالنے کی وجہ سے ان کے بچے اسکول نہیں جاسکتے، انہیں سنگین نوعیت کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، ایسے میں اگر وہ شدید ذہنی دباؤ میں آکر اپنی زندگی کا خاتمہ بھی کرسکتے ہیں، کیونکہ ایسی صورتحال میں انسان کے پاس صرف ایک آپشن باقی رہتا ہے اور ان کا خوشحال گھر تباہ ہوسکتا ہے۔

اینکرپرسن نے کہا کہ وہ اس معاملے کے بعد دربدر ہوچکے ہیں، ان کے پاس پانے کے لیے کچھ نہیں لیکن کھونے کے لیے بہت کچھ ہے، لیکن اگر ان کے ساتھ کچھ بھی بُرا ہوا تو اس کا ذمہ دار وہ تمام لوگ ہوں گے جو سوشل میڈیا پر ان کی کردار کشی کررہے ہیں۔

معاملہ کیا ہے؟

یاد رہے کہ 28 جنوری کو اشفاق اسحٰق پر ان کی دوسری اہلیہ نومیکا نے بدترین تشدد کے الزامات عائد کیے تھے۔

خاتون نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ شوہر انہیں والدہ کے گھر سے مارتے اور پیٹتے اپنے گھر لے آئے، انہیں کئی دن تک گھر میں بھوکا اور پیاسا بند رکھا گیا، انہیں جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔

نومیکا نے بتایا تھا کہ وہ کسی طرح شوہر کے گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئیں، جس کے بعد انہوں نے عباسی شہید میں اپنا میڈیکل چیک اپ کروانے کے بعد پولیس تھانے میں رپورٹ بھی درج کروائی۔

نومیکا نے بتایا تھا کہ مذکورہ واقعہ 22 جنوری کا ہے اور انہوں نے ناظم آباد تھانے میں شوہر کے خلاف مقدمہ دائر کروایا لیکن پولیس نے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا۔

اہلیہ کی جانب سے مبینہ تشدد کے الزامات سامنے آنے کے بعد ٹی وی چینل نے اشفاق اسحٰق کو فوری طور پر معطل کردیا تھا۔

ساتھی اینکرپرسن رابعہ انعم نے بھی اشفاق ستی پر شدید تنقید کی تھی اور نومیکا کے حق میں آواز اٹھائی تھی اس کے علاوہ ارمینہ خان اور عائشہ عمر بھی نومیکا کے حق میں سامنے آئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024