• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اینکرپرسن پر تشدد کے الزام: عائشہ عمر اور ارمینہ خان نومیکا کے حق میں بول پڑیں

شائع January 30, 2024
فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے اینکرپرسن اشفاق اسحٰق ستی پر اہلیہ نومیکا کی جانب سے گھریلو تشدد کے الزامات کے بعد اداکارہ ارمینہ خان اور عائشہ عمر بھی بول پڑیں۔

اداکارہ ارمینہ خان نے نومیکا کی پوسٹ کو ری پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جو مرد عورتوں پر تشدد کرتے ہیں ان کے ساتھ بھی یہی سلوک ہونا چاہیے، ایسے مرد یہ کام اس لیے کرتے ہیں کیونکہ ملک میں کوئی قانون نہیں ہے، کیا مرد اس لیے تشدد کرتے ہیں کیونکہ عورت جسمانی طور پر کمزور ہوتی ہے؟

آخر میں ارمینہ نے کہا کہ وہ ان تمام خواتین کے ساتھ کھڑی ہیں جن پر گھریلو تشدد کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ عائشہ عمر نے نومیکا کا نام لیے بغیر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ انہیں اس خوفناک تجربے سے گزرنا پڑا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ وہ زندہ ہیں، اللہ ان کی تکلیف آسان کرے اور ہمت دے۔

عائشہ عمر نے کہا کہ وہ نومیکا کا نام ٹیگ نہیں کرسکتیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وہ اس صورتحال میں اکیلی نہیں ہیں اور وہ نومیکا کی ہر قسم کی مدد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اداکاروں کے علاوہ متعدد اینکر پرسن نے بھی نومیکا کے حق میں ٹوئٹس کی تھیں، ماضی کی نامور اینکرپرسن رابعہ انعم نے ٹوئٹ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اشفاق ستی نے تین شادیاں کر رکھی ہیں، نومیکا ان کی دوسری بیوی ہیں جبکہ اینکرپرسن زارا انصاری ان کی تیسری اہلیہ ہیں۔

رابعہ انعم نے دعویٰ کیا کہ اشفاق کی پہلی اہلیہ بھی گھریلو تشدد کا نشانہ بنی تھیں اور انہوں نے بھی اشفاق کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی جس کے بعد انہوں نے طلاق لے لی تھی۔

رابعہ انعم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ واقعے کی تفصیلی طور پر تحقیقات ہوں گی کیونکہ اس واقعے کے پیچھے کئی راز چھپے ہیں۔

یاد رہے کہ اشفاق اسحٰق پر ان کی دوسری اہلیہ نومیکا نے بدترین تشدد اور جان سے مارنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

خاتون نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بتایا تھا کہ شوہر انہیں والدہ کے گھر سے مارتے اور پیٹتے اپنے گھر لے آئے، انہیں کئی دن تک گھر میں بھوکا اور پیاسا بند رکھا گیا، انہیں جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔

نومیکا نے بتایا تھا کہ وہ کسی طرح شوہر کے گھر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئیں، جس کے بعد انہوں نے عباسی شہید میں اپنا میڈیکل چیک اپ کروانے کے بعد پولیس تھانے میں رپورٹ بھی درج کروائی۔

نومیکا نے بتایا تھا کہ مذکورہ واقعہ 22 جنوری کا ہے اور انہوں نے ناظم آباد تھانے میں شوہر کے خلاف مقدمہ دائر کروایا لیکن پولیس نے تاحال کوئی ایکشن نہیں لیا۔

اہلیہ کی جانب سے مبینہ تشدد کے الزامات سامنے آنے کے بعد ٹی وی چینل نے اشفاق اسحٰق کو فوری طور پر معطل کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024