• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:24pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:39pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:24pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:39pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:39pm

نگران وزیراعظم نے انتخابات تک وزرا، حکام کو غیر ملکی دوروں سے روک دیا

شائع January 29, 2024
— فائل فوٹو: بی بی سی
— فائل فوٹو: بی بی سی

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وفاقی وزرا، مشیروں اور متعلقہ حکام کے غیر ملکی دوروں کی اجازت انتخابی عمل کی تکمیل تک واپس لے لی۔

کابینہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ’انتخابی عمل کی تکمیل اور نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے تک کسی غیر ملکی دورے کے لیے کوئی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ’وزیر اعظم نے وفاقی وزرا، مشیروں اور وزیر اعظم کے معاونین خصوصی، اور تمام وفاقی افسران کو دی گئی تمام غیر ملکی دوروں کی سرکاری یا نجی اجازتیں فوری طور پر واپس لے لی ہیں۔‘

کابینہ کی سینئر جوائنٹ سیکریٹری کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’تمام وفاقی سیکریٹریز سے ہدایت کی تعمیل کو یقینی بنانے کی درخواست کی جاتی ہے۔‘

یہ ہدایت آئندہ عام انتخابات میں دو ہفتے سے بھی کم وقت رہ جانے پر سامنے آئی ہے۔ موجودہ عبوری سیٹ اَپ 8 فروری کے انتخابات کے بعد آنے والی حکومت کو اختیار کی منتقلی سے قبل اپنے آخری دنوں میں ہے۔

گزشتہ ہفتے نگران وفاقی کابینہ نے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے انتخابات کے پرامن انعقاد کے ساتھ ساتھ اس کے حفاظتی انتظامات کی نگرانی کے لیے سات رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی تھی۔

ایک روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا۔

نگران وزیراعظم نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ نئی حکومت سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے کام کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے اپنے مقرر کردہ زیادہ تر اہداف کو کامیابی سے حاصل کیا ہے اور ان کامیابیوں کو سامنے لانے کے لیے وائٹ پیپر جاری کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025