• KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:36pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:12pm Asr 5:12pm

طلعت حسین انتہائی علیل، لوگوں کو پہچاننے سے قاصر

شائع January 26, 2024
—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

ڈراموں، فلموں، ریڈیو اور تھیٹر کے معروف ایوارڈ یافتہ اداکار طلعت حسین زائد العمری سمیت دیگر پیچیدگیوں کے باعث شدید علیل ہوگئے اور اہل خانہ کے مطابق اداکار کی ذہنی حالت بھی انتہائی بگڑ چکی ہے۔

نجی ٹی وی سما نے اپنی رپورٹ میں اداکار کی بیٹی تزئین حسین کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اداکار کی ذہنی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے، وہ لوگوں کو پہچاننے سے بھی قاصر ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اداکار کی بیٹی نے بتایا کہ طلعت حسین کو باتیں اور چیزیں بھی یاد نہیں رہتیں اور وہ سوالوں کے جوابات دینے کے بھی قابل نہیں۔

اہل خانہ نے اداکار کے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل کرتے ہوئے ان کی تازہ ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کرنے سے معذرت کی۔

اہل خانہ نے تصدیق کی کہ سینیئر اداکار کی ذہنی صحت بہتر نہیں، تاہم اہل خانہ نے ڈیمینشیا یا الزائمر جیسی کسی بھی بیماری سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی لیکن بتایا کہ اداکار لوگوں کو پہچاننے سے قاصر ہیں اور وہ باتوں کو بھول جاتے ہیں۔

ڈیمینشیا اور الزائمر جیسی بیماریوں سے متاثر شخص، انسانوں، الفاظ اور مقامات کو یاد نہیں رکھ پاتے جب کہ دیگر ذہنی و دماغی بیماریوں میں بھی ایسا ہوتا ہے۔

گزشتہ ہفتے طلعت حسین کی اہلیہ رخشندہ طلعت نے بتایا تھا کہ بہت زیادہ سگریٹ نوشی کرنے کی وجہ سے ان کے شوہر کے پھیپھڑے کمزور ہوچکے ہیں، جن میں بار بار پانی بھر جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پھیپھڑوں سے پانی نکالنے کے لیے انہیں متعدد بار ہسپتال منتقل کیا گیا اور کمزوری کی وجہ سے وہ گھر میں گر بھی پڑے تھے، جس وجہ سے اب وہ ویل چیئر اور بستر تک محدود ہوچکے ہیں اور ان کا گھر پر علاج جاری ہے۔

طلعت حسین کی عمر 80 سال سے زائد ہے اور انہوں نے فنون لطیفہ کو نصف صدی دی ہے، یعنی انہوں نے اپنی عمر کا بیشتر حصہ اداکاری، صداکاری، آرٹ اور فن کو دی۔

طلعت حسین نے 1970 سے قبل کم عمری میں ہی اداکاری شروع کردی تھی لیکن انہیں 1970 کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی۔

لندن سے تعلیم حاصل کرنے والے طلعت حسین نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) سے اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے برطانوی ٹی وی سمیت بولی وڈ فلموں میں بھی کام کیا۔

والد لوگوں کو پہچاننے سے قاصر ہیں، بیٹی—فوٹو: انسٹاگرام
والد لوگوں کو پہچاننے سے قاصر ہیں، بیٹی—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2024
کارٹون : 2 جولائی 2024