راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں شیخ رشید کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی طبیعت ناساز ہوگئی۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق اڈیالہ جیل میں اچانک طبیعت خراب ہونے پر شیخ رشید کو راولپنڈی انسٹیٹیویٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔
شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے بتایا کہ جیل انتظامیہ نے بذریعہ فون سابق وزیر داخلہ کی طبیعت خراب ہونے سے متعلق اطلاع دی، شیخ رشید احمد کو آر آئی سی منتقل کیا جا رہا ہے۔
شیخ رشید کی جانب سے عدالت میں گزشتہ روز آر آئی سی منتقل کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ عدالت نے جیل انتظامیہ سے شیخ رشید کے طبعی معائنے کی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ 16 جنوری کو 9 مئی حملہ کیس میں شیخ رشید کی درخواست ضمانت خارج کردی گئی تھی جس کے بعد انہیں احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔
سابق وزیر داخلہ حساس ادارے کے دفتر میں جلاؤ گھیراو کے مقدمہ میں نامزد تھے۔