وعدہ ہے وزیراعظم بن گیا تو کسی سے سیاسی انتقام نہیں لوں گا، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وعدہ ہے وزیراعظم بن گیا تو کسی سے سیاسی انتقام نہیں لوں گا۔
چنیوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پرانے سیاستدان نفرت، تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں، پرانے سیاستدان سیاست کو ذاتی انتقام کے لیے استعمال کر رہے ہیں، ہم پرانی سیاست اور پرانے سیاستدانوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کریں گے، سیاست میں دشمنی نہیں سیاسی اختلاف ہوتے ہیں۔
مزید کہا کہ نفرت، تقسیم کی سیاست ختم کرنا چاہتا ہوں، ملک میں بے روزگاری، غربت بڑھ رہی ہے، ایسے حالات پہلے نہیں دیکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کا نقصان عوام، ملک اور معیشت کو ہو رہا ہے۔
’میری حکومت میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہوگا‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں اپنے منشور، نظریے پر یقین رکھتا ہوں، وعدہ ہے وزیراعظم بن گیا تو کسی سے سیاسی انتقام نہیں لوں گا، میری حکومت میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں ہوگا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ کسانوں کو کوئی نقصان ہوا، تو ازالہ ہماری حکومت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ عوام کے مسائل کو کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تیر پر ٹھپہ لگا کر نئی سوچ کو چنیں جو عوام کی خدمت کرے، یہ تیر بینظیر بھٹو کا تیر ہے ، میرا تیر ہے، میں جیت کر چنیوٹ کی خدمت کروں گا۔
سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر تیر کا امیدوار جیت گیا تو ہم مل کر شیر کا شکار کریں گے۔