• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’پاکستانی کرکٹرز کا پسندیدہ موضوع بیویوں کا مذاق اڑانا ہے‘، ثانیہ مرزا کی پرانی ویڈیو وائرل

شائع January 21, 2024
فائل فوٹو: یوٹیوب
فائل فوٹو: یوٹیوب

شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی کے بعد سوشل میڈیا پر سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی پرانی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ’پاکستان کرکٹرز کا پسندیدہ موضوع بیویوں کا مذاق اڑانا ہے۔‘

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اردو فلکس‘ کے شو ’دی مرزا ملک شو‘ کی ہے جس کی میزبانی شعیب ملک اپنی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہمراہ کرتے تھے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو 10 ماہ قبل جاری ہونے والے پروگرام کی ہے جب ’دی مرزا ملک شو‘ میں سابق کرکٹر وہاب ریاض نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ شرکت کی تھی۔

وائرل ویڈیو کی شروعات وہاب ریاض کے جملے سے ہوتی ہے جہاں وہ کہتے ہیں کہ ’ہاں جی بے چاری لڑکیاں ہی معصوم ہوتی ہیں ہم تو بے چارے بُرے لوگ ہیں، لڑکوں کوئی اچھی عادت ہی نہیں ہوتی‘۔

وہاب ریاض کی بات کاٹتے ہوئے شعیب ملک نے کہا کہ ’ہمارا یہ ہے کہ ہم پیدا ہوتے ہیں، ہمیں پیار ملتا ہے، اس کے بعد ڈانٹ سے کام شروع ہوتا ہے، پہلے والدین سے پھر بیویوں سے اور پھر یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔‘

شعیب ملک کی بات مکمل ہونے کے بعد ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’ میں اس شو کے ذریعے تمام لوگوں کو ایک بات کہنا چاہوں گی اور میرے خیال سے زینب (وہاب ریاض کی اہلیہ) بھی میری بات سے اتفاق کریں گی کہ پاکستان کرکٹرز کا پسندیدہ موضوع بیویوں کا مذاق اڑانا ہے۔’

ثانیہ مرزا نے وہاب ریاض اور شعیب ملک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کام کے لیے آپ دوسرے شو پر جائیں یہ شو اس کام کے لیے نہیں ہے۔‘

جس پر شعیب ملک کہتے ہیں کہ ’یہ مذاق نہیں ہے بلکہ یہ حقیقت ہے‘۔

یاد رہے کہ آج ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا نے انسٹاگرام کے ذریعے ثانیہ اور شعیب کے درمیان طلاق کی تصدیق کردی ہے۔

قبل ازیں 20 جنوری کو ثانیہ مرزا کے والد نے مختصراً بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ ان کی بیٹی شعیب ملک سے خلع لی تھی۔

اس کےعلاوہ قومی ٹیم کے سابق کپتان کے اہل خانہ کے قریبی ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا تھا کہ ثانیہ مرزا شعیب ملک کے دوسری خواتین کے ساتھ دوستی اور میل ملاپ سے ناخوش تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے طلاق کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی واضح رہے کہ 20 جنوری 2024 کو شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کی تصاویر شئیر کرکے دوسری بار شادی کے بندھن میں بندھنے کی تصدیق کی تھی، انہوں نے کیپشن میں لکھا ’الحمد للہ‘۔

دونوں کی ایک دوسرے کے ساتھ دوسری شادی ہے، ثنا جاوید نے پہلی شادی اکتوبر 2020 میں گلوکار عمیر جیسوال سے کی تھی، بعدازاں ڈیڑھ سال بعد ہی ان کے درمیان طلاق کی افواہیں گردش کررہی تھیں لیکن دونوں نے باضابطہ اس کی تصدیق نہیں کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024