• KHI: Asr 4:24pm Maghrib 6:00pm
  • LHR: Asr 3:39pm Maghrib 5:17pm
  • ISB: Asr 3:39pm Maghrib 5:17pm
  • KHI: Asr 4:24pm Maghrib 6:00pm
  • LHR: Asr 3:39pm Maghrib 5:17pm
  • ISB: Asr 3:39pm Maghrib 5:17pm

ہم وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے، بلاول بھٹو

شائع January 18, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق نوشہرو فیروز میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا مہنگائی سے نمٹنے کے لیے 10 نکاتی ایجنڈا ہے، یہ 10 نکاتی ایجنڈا غربت سے مقابلے کے لیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے مجھے وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے، آئیں میرا ساتھ دیں ہم پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں گے، ہم وفاق میں بھی پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ سے وعدہ ہے اگر آپ مجھے وزیراعظم بنائیں گے تو میں ان 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل کروں گا، غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کا کروں گا، ہم مہنگائی کا مل کر مقابلہ کریں گے۔

سابق وزیر نے بتایا کہ نوشہرو فیروز میں سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے، سیلاب سے متاثرہ خواتین کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ انہیں گھر بنا کردیں، میں نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ آپ کو گھر بنا کردوں گا اور ہم 20 لاکھ گھر بنانے کا سلسلہ شروع کر چکے ہیں، انہوں نے دعوی کیا کہ دنیا کا سب سے بڑا گھر بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کروا رہی ہے، 8 فروری کو الیکشن کے بعد ہم یہ کام پھر تیزی سے شروع کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ نے 8 فروری کو پیپلز پارٹی کو جتوانا ہے تاکہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کریں، اب مقابلہ تیر اور شیر کے درمیان ہے، ہم عوام کے پاس جائیں گے اور سمجھائیں گے کہ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، آپ عوام کو بتائیں کہ تیر پر ٹھپہ لگائیں تاکہ ہم غربت کا مقابلہ کریں، آپ نے پیپلزپارٹی کوبھاری اکثریت سے جتوانا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہر الیکشن میں آپ نے پیپلزپارٹی کو ماضی سے زیادہ سیٹ دلوائی ہیں، سندھ بھر میں ہم نے بلدیاتی الیکشن میں کامیابی حاصل کی، ہم نے کراچی اور حیدرآبادمیں جیالہ میئر بنایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس قائم کریں گے، میں نوشہرو فیروز میں بھی این آئی سی وی ڈی یونٹ قائم کرنا چاہتا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ میں وزیراعظم بنوں گا تو آپ کی آمدن کودگنی کریں گے، غریب کو 300 یونٹ تک بجلی مفت ملے گی، ہم نے غریبوں کے لیے 30 لاکھ نئے گھر بنانے ہیں اور مالکانہ حقوق بھی دلانے ہیں، ہم بی آئی ایس پی کی طرح کسان ہاری کارڈ دیں گے، آپ محنت کشوں اور مزدوروں کے پاس جائیں اور انہیں ہمارا منشور بتائیں۔

عوام نے ساتھ دیا تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی ہے، بلاول بھٹو

بعد ازاں دادو میں جلسہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دادو کے عوام نے ثابت کردیا وہ پیپلزپارٹی کےساتھ کھڑے ہیں، دادو نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا ہے، عوام نے ساتھ دیا تو دنیا کی کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے بتایا کہ عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آئیں گے، ہم نے اپنا عوامی معاشی معاہدہ پیش کردیا ہے، 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل در آمد سے ہی ملکی مسائل حل ہوں گے، ہمیں معاشی معاہدے سے غربت اور بے روزگاری کامقابلہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی سی ای سی نے مجھے وزیراعظم نامزد کیا ہے، میں وزیراعظم بن کر عام آدمی کی آمدنی کو دگنا کروں گا،غریب ترین عوام کو تین سو یونٹ بجلی مفت دوں گا، پاکستان بھرمیں 30 لاکھ گھر بناؤں گا، ہم خواتین کو مالکانہ حقوق دلوائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگا کر پیپلز پارٹی امیدواروں کو کامیاب کریں، بینظیر مزدور اور ہاری کارڈ شروع کریں گے۔

ہمارے مقابلے میں وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے، سابق وزیر

مسلم لیگ (ن) پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے سابق وزیر نے کہا کہ ہمارے مقابلے میں وہ شیر ہے جو عوام کا خون چوستا ہے، ہمارے مدمقابل شیر گھر میں چھپ جاتا ہے، یہ شیر دوسرے کو کہتا ہے کہ مخالف کو جیل میں ڈالیں اور مخالف کا بندوبست ہونے کے بعد ہی یہ شیر باہر آتا ہے، کل میں شیر کے شکار کے لیے پنجاب جا رہا ہوں، جیالے جانتے ہیں کہ شیر کا شکار کیسے کیا جاتا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شیر اور کسی بھی اور جماعت کے پاس کوئی منشور اور نظریہ نہیں ہے، ہم یہ نہیں مانتے کہ کسی شخص کو چوتھی بار وزیراعظم بنایا جائے، وہ شخص پہلی، دوسری اور تیسری بار نا کام رہا تو چوتھی بار کس خوشی میں لا رہے ہیں؟

انہون نے کہا کہ مجھے ایک بار موقع دیں تو میں اس ملک کی قسمت بدل دوں گا۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025