• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

میرا مشن ملک کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنا ہے، نواز شریف

شائع January 18, 2024
فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا مشن ملک کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنا ہے۔

حافظ آباد میں جلسے سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ آج حافظ آباد آکر کئی سال پہلے کی یادیں تازہ ہوگئی ہیں، مجھے حافظ آباد اور یہاں کے لوگوں سے بڑا پیار ہے، آپ سے بات کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہیں پایا جارہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ 2017 میں مجھے بیٹے سے تنخواہ نا لینے پر نکالا گیا، اگر مجھے نا نکالا جاتا تو آج حافظ آباد میں سب کے پاس روزگار ہوتا، ہر گھر خوشحال ہوتا، ہر گھر میں روشنی کے چراغ جل رہے ہوتے، کاروبار ہوتا، کاشتکار خوشحال ہوتے، یہ بجلی، گیس کے بل مہنگے نا ہوتے، روٹی آج بھی 4 روپے کی ملتی۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر مجھے جعلی مقدمات میں پھنسایا نا جاتا تو پاکستان کا مقام اونچا ہوتا، پاکستان ایک منفرد مقام حاصل کر چکا ہوتا، ترقی عروج پر ہوتی اور ہم ایشین ٹائیگر بن چکے ہوتے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ملک میں دہشتگردی تھی، لوگ ایک دوسرے کا گلہ کاٹتے تھے، بجلی کی قلت تھی، روز بم پھٹتے تھے، تو اس ملک میں ان سب کا خاتمہ کس نے کیا؟

8 فروری کو حافظ آباد میں شیر دھاڑے گا، مریم نواز

بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج پہلی مرتبہ حافظ آباد آئی ہوں، میں جو منظر ابھی دیکھ رہی ہوں وہ پوری زندگی نہیں بھولوں گی، میں سب کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ 8 فروری کو حافظ آباد میں شیر دھاڑےگا، امید ہے حافظ آباد کا ہر شخص نواز شریف کی باتوں پر سوچے گا، اس پر غور کرےگا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں نے وعدہ کیا تھا کہ نواز شریف کو واپس لاؤں گی اور ان کو واپس لے آئی، نواز شریف نے لندن سے آنے سے پہلے کہا کہ ہم 28 مئی والے لوگ ہیں 9 مئی والے نہیں، 28 مئی کو ایٹمی دھماکے ہوئے تھے، 9 مئی اور 28 مئی کوئی دو واقعات نہیں ہیں بلکہ ان کے پیچھے 76 سالہ تاریخ ہے، 28 مئی والوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، یہ پاکستان کو سنوارنے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئی والے پاکستان کی ریاست پر حملہ کرنے والے لوگ ہیں۔

جو شخص نوجوانوں کو جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دیتا ہے وہ آپ کا ہمدرد نہیں،مریم نواز

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک تاریخ ہے پاکستان کو سنوارنے والوں کی اور ایک تاریخ ہے پاکستان کو اجاڑنے کی مذموم کوشش کرنے والوں کی، 28 مئی والے 2 روپے کی روٹی اور مہنگائی کم کرنے والے لوگ ہیں جبکہ 9 مئی والے ملک میں مہنگائی کا طوفان لانے والے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم نے طعنے سنے، بدتمیزی، بد تہذیبی سب برداشت کی لیکن دہشتگردی اور مہنگائی کو ختم کیا، آج کل نواز شریف کا وقت اس بات پر غور کرنے پر گزرتا ہے کہ بجلی کے بل کیسے کم کرنے ہیں؟ نوجوانوں کو نوکریاں کیسی دینی ہیں؟ سڑکوں کا جال کیسے بنانا ہے؟ ہم مسلم لیگ (ن) والے ہر شہر میں دانش اسکول، ہسپتال، یونیورسٹی بنانے کے لیے حکمت عملی بنانے میں مصروف ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ جو شخص نوجوانوں کو جلاؤ گھیراؤ کرنے کی ترغیب دیتا ہے وہ آپ کا ہمدرد نہیں ہو سکتا، جو شخص بدتمیزی کی ترغیب دیتا ہے وہ ہمدرد نہیں ہوسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024