شیر افضل مروت پارٹی رہنماؤں کے بیانات سے مایوس، انتخابی مہم کے خاتمے کا اعلان
اپنی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے بیانات سے مایوس تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے صوبہ سندھ میں اپنی انتخابی مہم کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر پیغام میں شیر افضل مروت نے کہا کہ حامد خان اور رؤف حسن جیسے ذہنی بیمار لوگوں کے میرے خلاف بیانات کے پیش نظر میں سندھ میں اپنی مہم ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے سوال کیا کہ یہ لوگ مجھے کیوں نشانہ بنا رہے ہیں؟ کیا میں نے کبھی ان کے خلاف بات کی؟ میں اس سب سے بہت زیادہ مایوس اور دل گرفتہ ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے سانگھڑ اور نوابشاہ میں کنونشنز کرنے تھے لیکن میری اپنی پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی جانب سے مجھے نشانہ بنائے جانے کے بعد میں اپنے تمام پروگرام منسوخ کررہا ہوں جب تک کے عمران خان خود ان معاملات کو حل نہیں کرتے۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ میں کسی جلسے یا ریلی کی قیادت نہیں کروں گا، میں سندھ میں کام ادھورا چھوڑ کر جا رہا ہوں، حامد خان اور رؤف حسن ہمت کر کے عوام کی رہنمائی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے ابتدا میں مجھے قانونی ٹیم سے نکالنے کی کوشش کی اور اب آپ چاہتے ہیں کہ میں مہم چھوڑ دوں، میں انتخابی میدان آپ پر چھوڑتا ہوں۔ اب آپ اپنی طاقت اور ہمت کا مظاہرہ کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ڈان نیوز کے پروگرام ’خبر سے خبر وِد نادیہ مرزا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا تھا کہ شیر افضل مروت کے کچھ مسائل تھے، ان کے کچھ ایسے بیانات تھے جو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایات کے مطابق نہیں تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان سے متعلق جو بھی بیان یا پیغام ہو گا وہ موجودہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان لوگوں تک پہنچائیں گے، شیر افضل مروت کے پاس کوئی پارٹی عہدہ نہیں، ان کے بیانات کو تحریک انصاف سپورٹ نہیں کرتی کیونکہ ان کے بیانات ذاتی رائے پر مبنی ہوتے ہیں۔
اس کے بعد اپنی ایک اور پوسٹ میں تحریک انصاف کے رہنما نے تجزیہ کار حیدر مہدی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں بہت مصروفیات کے سبب حیدر مہدی کو جواب نہیں دے سکا جو مجھے بدنام کرنے کے مشن پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہدی جی مجھے آپ کی مایوس کن کوششوں کو سمجھنے میں تھوڑا وقت لگا ہے کہ آپ مجھے اشتعال دلا کر اپنے سوشل میڈیا سے کمائی کرنا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آپ اپنی ساکھ کے بل پر زیادہ ویوز حاصل نہیں کر پاتے تو آپ نے میری ساکھ پر حملہ کرنا شروع کر دیا ہے اور اس حد تک چلے گئے کہ مجھے غدار کہنا شروع کردیا۔
انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہاکہ مجھے واقعی آپ پر ترس آتا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آپ کو اتنی اچھی قیمت ادا نہیں کر رہی ہے کہ آپ اپنی شاہانہ زندگی جی سکیں کیونکہ مجھے نشانہ بنا کر آپ کے درجن بھر ویوز یکدم سے ہزاروں تک جا پہنچے۔
ان کا کہنا تھا کہ میری آپ سے گزارش ہے کہ برائے مہربانی مجھ پر اور بیرسٹر گوہر پر الزامات لگانا بند کریں کیونکہ اس تمام مصروفیات میں اپنا قیمتی وقت ضائع کرنے کے بجائے میں آپ کو مسلم لیگ(ن) سے زیادہ بہتر جیب خرچ دینے کو ترجیح دیتا ہوں!۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ مجھے پی ٹی آئی سے وفاداری کے حوالے سے کسی کی تصدیق یا سند کی ضرورت نہیں ہے! میں نے جو عزت کمائی ہے وہ عمر بھر کے لیے کافی ہے، میں نے یہ بہت قربانیاں دے کر محنت سے حاصل کی ہے۔