اداروں کی آپس میں چپقلش ہو تو ملک ترقی نہیں کرسکتا، راجا پرویز اشرف
پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سارے ادارے پاکستان کے ہیں، یہ ہمارے اپنے ہیں، اداروں کی آپس میں چپقلش ہو تو وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان تمام اداروں کی ماں ہے، پارلیمان پاکستان، جمہوریت، دفاع کی ضمانت ہے، سارے ادارے پاکستان کے ہیں، یہ ہمارے اپنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کی آپس میں چپقلش ہو تو وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہم نے ہر وہ فیصلہ کرنا ہے جو پاکستان اور عوام کے مفاد میں ہو، اب ہمارے پاس ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں ہے۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ یہ ضد اور انا ہی تھی، جس نے ہمیں نقصان پہنچایا، اب ہمیں سنجیدگی سے حساب، کتاب اور آڈٹ کی ضرورت ہے، دیکھنا ہوگا ہم نے کیا کھویا اور کیا پایا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ریڈلائن کراس ہوئی،کوئی معاشرہ اس کی اجازت نہیں دیتا، میڈیاکے ذریعے پارلیمان کی کارروائی عام شہری تک پہنچتی ہے، پریس گیلری کے بغیر پارلیمان مکمل نہیں ہوتا۔
رہنما پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ کوشش رہی پارلیمان کی پریس گیلری کی ضروریات پوری کی جائیں، پارلیمان کی عزت کے لیے میڈیا کا کلیدی کردار ہے، گولڈن جوبلی پربھی پارلیمان کی کارروائی دنیا کودکھائی۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی کےاثرات نظر آنا شروع ہوگئے، ہم نے آئین کی گولڈن جوبلی منائی، آئین کی سربلندی کے لیے کام کیا، ہم نے وہ تمام ریکارڈ محفوظ کیے، جو آئندہ نسلوں کے لیے اہم ہیں۔