• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ایران: جیل میں قید نوبل انعام یافتہ انسانی حقوق کی کارکن کو نئی سزا کا سامنا

شائع January 15, 2024
نرگس محمدی کے خاندان نے دسمبر میں اوسلو میں ان کی جانب سے 2023 کا نوبل انعام قبول کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
نرگس محمدی کے خاندان نے دسمبر میں اوسلو میں ان کی جانب سے 2023 کا نوبل انعام قبول کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

ایرانی عدالت نے 2023 کی نوبل انعام یافتہ انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو سلاخوں کے پیچھے سے پروپیگنڈا کرنے کے الزام پر اضافی ایک سال سے زائد قید کی سزا سنا دی ہے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق نرگس محمدی کے اہل خانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ ریوولیوشنری عدالت نے ان کو ایک مقدمے کی سماعت کے بعد 15 ماہ اضافی قید کی سزا سنائی ہے، اس سماعت کا نرگس محمدی نے بائیکاٹ کیا تھا۔

ان پر 2 سال تہران سے باہر جلاوطنی میں گزارنے کے حکم سمیت دو سال کی سفری پابندی اور اسمارٹ فون کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی، یہ پابندیاں نرگس محمدی کی رہائی کے بعد نافذ العمل ہوں گی۔

ان کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ مارچ 2021 سے یہ نرگس محمدی کی پانچویں سزا ہے، ان کی سزاؤں میں اب 12 سال اور تین ماہ قید، 154 کوڑے، دو سال کی جلاوطنی اور مختلف سماجی اور سیاسی پابندیاں شامل ہیں۔

خاندان نے سیاسی بیان سے مشابہت رکھنے والے فیصلے کی مذمت کی ہے جس میں ان پر الزامات لگائے گئے ہیں کہ وہ بار بار عوامی اور انفرادی رائے کی حوصلہ افزائی کرتی ہیں جو اسلامی حکومت کے خلاف ہوتے ہیں تاکہ افراتفری اور انتشار کا بیج بویا جاسکے۔

نرگس محمدی کے خاندان نے دسمبر میں اوسلو میں ان کی جانب سے 2023 کا نوبل انعام قبول کیا تھا، انہیں یہ ایوارڈ ایران میں انسانی حقوق کے لیے ان کی مہم کے اعتراف میں دیا گیا تھا۔

انہوں نے پچھلی 2 دہائیوں کا زیادہ تر حصہ جیل کے اندر اور باہر گزارا ہے،نرگس محمدی نے اپنی حالیہ سزا نومبر 2021 میں کاٹنا شروع کی ہے۔

لیکن تہران کی ایون جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھی انہوں نے اپنے انسانی حقوق کی مہم کو جاری رکھا ہوا ہے، نرگس محمدی نے جیل حکام پر منظم خلاف ورزیوں کا الزام لگایا اور خاص طور پر سزائے موت کے استعمال پر تنقید کی۔

ایران میں حجاب کی شدید مخالفت کرنے والی نرگس محمدی نے جیل کے اندر ہیڈ اسکارف پہننے کے قوانین کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔

ان کے خاندان کے مطابق اس خلاف ورزی کے نتیجے میں نرگس محمدی کو مزید سزا دی گئی اور خاص طور پر انہیں فون کال کرنے کے حق سے محروم کر دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024