کراچی میں راشد منہاس روڈ پر فائرنگ سے سینئر صحافی زخمی
کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں نجی ٹی وی کے سینئر صحافی اور اسٹیشن چیف زخمی ہو گئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر نامعلوم افراد نے سنو ٹی وی کے کراچی کے اسٹیشن چیف شعیب برنی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق صحافی کسی شادی میں شرکت کے لیے گئے تھے لیکن لکی ون کے قریب وہ گاڑی پارک کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص نے انہیں گولی مار دی جو ان کے ہاتھ پر لگی۔
کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ ایسوسی ایشن سنو ٹی وی کے بیورو چیف اور سی آر اے کے سینئر ممبر شعیب برنی کی گاڑی پر فائرنگ حملے کی شدید مذمت کرتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ، آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے منظر عام پر لائیں۔
ذرائع نے بتایا کہ شعیب برنی گلشن اقبال میں ایک شادی کی تقریب میں فیملی کو ہال کے باہر اتار کر گاڑی پارک کرنے گئے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد نے انہیں گولی ماری جو ان کے بازو میں لگی اور گاڑی کا شیشہ بھی ٹوٹا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گولی لگنے کے بعد شعیب برنی کو ہسپتال پہنچا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔