کراچی: اسرائیلی مظالم کیخلاف جماعت اسلامی کا غزہ ملین مارچ آج ہوگا
غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف جماعت اسلامی کے زیر انتظام ملین مارچ آج کراچی میں شاہراہ فیصل نرسری کے مقام پر ہوگا۔
غزہ ملین مارچ سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے۔
ملین مارچ میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا ویب سائٹ پر جاری اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا تھا کہ یمن، جکارتہ، لندن، ٹوکیو، بنکاک، تہران، امریکا، بحرین میں فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومتیں بے شک اسرائیل کے ساتھ ہوں مگر عوام فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اتوار کو کراچی میں شارع فیصل پر اہل کراچی اسرائیلی مظالم کے خلاف غزہ ملین مارچ میں شرکت کرکے اپنی آواز بلند کریں گے۔