آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 70 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) پروگرام کے تحت آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پہلا جائزہ منظور کیا اور دوسری قسط کی مد میں فنڈز کی منظوری دی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف مشن نے دوسری قسط منظور کرنے کی سفارش کی تھی۔
پہلے اقتصادی جائزے کی تکمیل پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 15 نومبر 2023 کو طے پایا تھا۔
عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ آئی ایم ایف اور پاکستانی حکام کے درمیان اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت پہلے جائزے پر عملے کی سطح پر معاہدہ طے پایا گیا جو ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط ہے۔
آئی ایم ایف نے بتایا تھا کہ ناتھن پورٹر کی سربراہی میں وفد نے 2 سے 15 نومبر 2023 تک اسلام آباد کا دورہ کیا تاکہ آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ کے تحت پاکستان کے معاشی پروگرام کے پہلے جائزے پر مذاکرات کیے جائیں۔
اعلامیے کے مطابق ناتھن پورٹر نے دورے کے اختتام پر بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستانی حکام کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے پروگرام کے تحت پہلے جائزے پر عملے کی سطح پر معاہدہ طے پا گیا۔
پاکستان کو قرض پروگرام کے تحت ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز پہلے ہی مل چکے ہیں، آئی ایم ایف سے مزید 70 کروڑ ڈالرز ملنے سے پاکستان کو جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان گزشتہ سال جون میں معاشی استحکام کے پروگرام کی حمایت کے لیے 3 ارب ڈالر کا اسٹینڈ بائی ارینجمینٹ کا معاہدہ طے پایا تھا۔