• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

سیکیورٹی مسائل حقیقی ہیں، انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے، نگران وزیر اطلاعات

شائع January 11, 2024
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سیاست آج کل ہمارا قومی مشغلہ بن گیا ہے—فوٹو: ڈان نیوز
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سیاست آج کل ہمارا قومی مشغلہ بن گیا ہے—فوٹو: ڈان نیوز

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کے مسائل حقیقی ہیں، ہمیں ان کا ادراک ہے، انہیں بہتر کریں گے، انشا اللہ انتخابات 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو ہی ہوں گے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، الیکشن کمیشن نے ہی انتخابات کرانے ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑی ہے، الیکشن کمیشن کو سہولیات کی فراہمی نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ سیاست آج کل ہمارا قومی مشغلہ بن گیا ہے، معیشت اور اقتصادیات کی بہتری وقت کی ضرورت ہے۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سیکورٹی ضروریات پوری کرنے کی آئینی طور پر پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے مسائل حقیقی ہیں، ہمیں ان کا ادراک ہے، انہیں بہتر کریں گے، انشا اللہ انتخابات 8 فروری 2024 بروز جمعرات کو ہی ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مرتضیٰ سولنگی کہ کہنا تھا کہ ملک میں سوال اٹھانے پر کوئی پابندی نہیں، پی ٹی آئی سے متعلق معاملات کا پی ٹی آئی ہی بہتر بتا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 5 جنوری کو سینیٹ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔

7 جنوری کو سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ماحول کی بہتری کے لیے اگر انتخابات ملتوی ہوجائیں تو آسمان نہیں گر پڑے گا۔

9 جنوری کو نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے انتخابات کے پرامن انعقاد کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیکیورٹی کے مسائل اتنے سنگین نہیں کہ انتخابات ملتوی کیے جائیں، ماضی میں بھی سیکیورٹی مسائل کے باوجود انتخابات ہوئے ہیں اور سیکیورٹی فورسز ان چیلنجز پر قابو پانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے یقین دہانی کروائی تھی کہ نگران حکومت پر کوئی دباؤ نہیں ہے، عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024