ٹیم کے لیے کسی بھی نمبر پر کھیلنے کو تیار ہوں، فخر زمان
قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ میں ٹیم کے لیے کسی بھی نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار ہوں۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچز کی سیریز جمعے سے شروع ہوگی جس کے لیے قومی ٹیم کی آکلینڈ میں تیاریاں جاری ہیں۔
سیریز کے دن جیسے جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں، اس کے ساتھ ہی یہ دلچسپ سوال بھی سب کے ذہنوں میں گردش کررہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اوپننگ کون کرے گا۔
ٹیم کی اوپننگ اس سے قبل محمد رضوان اور بابر اعظم کرتے تھے لیکن صائم ایوب کے ہوتے ہوئے اس بات کی قوی امید ہے کہ قومی ٹیم کی مینجمنٹ میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔
آکلینڈ میں بات چیت کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ محمد رضوان، بابر اعظم اور صائم ایوب اچھا کھیل رہے ہیں اور ان تینوں کے ہوتے ہوئے میں ٹیم کے لیے کسی بھی نمبر پر کھیلنے کو تیار ہوں۔
ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اوپننگ جوڑی کے حوالے سے تجربات کیے جا سکتے ہیں اور صائم ایوب کے ساتھ محمد رضوان اوپننگ کرسکتے ہیں جبکہ بابر اعظم کا تیسرا اور فخر زمان کا چوتھا نمبر ہوسکتا ہے۔