لاہور: اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں، ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور میں پولیس افسران کے ساتھ ہونے والے اہم اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔
ڈان نیوز کے مطابق اجلاس میں سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز، سینئر پولیس (ایس پی) ڈولفن فورس اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی، اس میں سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ تھانوں میں کرپشن کسی صورت معاف نہیں کی جائے گی، اپنے علاقوں میں خدمت مراکز اور تھانوں کا دورہ کریں، اپ-گریڈ کیے گئے تھانوں میں تمام سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف کارروائیاں مانیٹر کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی، انہوں نے کہا کہ ون فائیو(15) کی کالز پر رسپانس ٹائم بہتر بنایا جائے اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) خود جائے وقوعہ پر پہنچے، قانون شکن و سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔