فرانس: 34 سالہ وزیر تعلیم ملک کے کم عمرترین اور پہلے ہم جنس پرست وزیراعظم نامزد
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے 34 سالہ وزیر تعلیم گیبریل اٹل ( Gabriel Attal) کو ملک کا نیا وزیراعظم نامزد کیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق 34 سالہ گیبریل اٹل فرانس کے اب تک کے سب سے کم عمر اور پہلے اعلانیہ ہم جنس پرست وزیراعظم ہیں۔
فرانس کے سب سے کم عمر وزیراعظم بننے کا اعزاز اس سے قبل 1984 میں بائیں بازو کے لورنٹ فیبیوس کے پاس تھا، جو 37 سال کے تھے۔
گیبریل اٹل میکرون کی سیاسی پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، وہ جولائی 2023 سے وزیر تعلیم کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وزیر تعلیم کے طور پر اپنی تقرری کے بعد گیبریل اٹل نے سب سے پہلے فرانسیسی پبلک اسکولوں میں خواتین کے عبایا پہننے پر پابندی لگائی تھی، جس کے بعد ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا۔
گیبریل اٹل نے اپنی نامزدگی کے بعد تقریر میں تعلیم، مہنگائی، فرانسیسی معیشت کو لبرلائز کرنے اور نوجوانوں کی ترقی کو ملک کی ترجیحات میں شامل کرنے کا اعادہ کیا۔
گیبریل اٹل نے لزبتھ بورن کی جگہ وزیراعظم بنے ہیں، لزبتھ بورن نے گزشتہ ہونے والے اصلاحات کے احتجاج اور شہری فسادات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتےہوئے میکرون نے گیبریل اٹل پر اعتماد کا اظہار کیا تھا جس پر گیبریل اٹل نے شکریہ ادا کیا تھا۔