کوہاٹ: پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 3 اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشتگردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق ترجمان پولیس فضل نعیم نے بتایا کہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے رات کے وقت بھاری ہتھیاروں سے اہلکاروں پر حملہ کیا، حملے اور فائرنگ کے تبادلے میں 3 پولیس اہلکار اور ایک عام شہری بھی جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور پہاڑی علاقے کے قریب ہی چھپے ہوئے ہیں، جلد ان کا خاتمہ کردیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جاں بحق اہلکاروں کی میتیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں لائس ہیڈ کانسٹیبل امجد، لائس ہیڈ کانسٹیبل جنید، کانسٹیبل وقار اور لکی مروت کا رہائشی نور محمد شامل ہیں۔
دریں اثنا دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان، ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ شیر اکبر اور کمشنر کوہاٹ ڈویژن عابد وزیر نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز 9 جنوری کو خیبر پختونخوا کے شہر بنوں میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ ہوا جس کے بعد پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔
قبل ازیں 8 جنوری کو باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے جانے والی پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار جاں بحق اور 27 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
7 جنوری کو خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے صدہ کے قریب تخریب کاروں کی مسافر کوچ اور گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔
4 جنوری کو خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند میں بم دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے زخمی ہوگئے تھے۔
اظہار مذمت
سابق صدر آصف علی زرداری نے کوہاٹ میں دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد کی شہادت پر افسوس ہوا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں ان کاکہنا تھا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔