• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بیٹے اور بہو کو گھر میں خوش آمدید کہنے کے طریقے پر صبا فیصل کو تنقید کا سامنا

شائع January 9, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ صبا فیصل کو اپنے نوبیاہتا بیٹے اور بہو کو گھر میں خوش آمدید کہنے کی ویڈیو شیئر کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر ہندوانہ رسم اپنانے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔

صبا فیصل کے بیٹے اداکار ارسلان فیصل نے دسمبر 2023 کے اختتام پر نشاط طلعت سے شادی کی تھی اور ان کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر بھی وائرل ہوگئی تھیں، جن میں صبا فیصل کو ڈانس بھی کرتے دیکھا گیا تھا۔

اب ان کی جانب سے انسٹاگرام پر بہو اور بیٹے کو گھر آمد پر خوش آمدید کہنے کی شیئر کی گئی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس پر اداکارہ کو تنقید کا سامنا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیو میں انہیں اپنے نوبیاہتا بیٹے اور بہو کو گھر میں خوش آمدید کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

بیٹے اور بہو کی گھر آمد پر اداکارہ ان کے گھر میں داخل ہونے سے قبل دروازے پر ان کے پائوں کے قریب تیل کا چھڑکائو کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ساتھ ہی میں صبا فیصل کو بہو اور بیٹے کو مٹھائی کھلا کر گھر میں خوش آمدید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ویڈیو کے پس منظر میں قرآن پاک کی تلاوت سنائی دیتی ہے۔

اداکارہ کی جانب سے ویڈیو کو شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں نے ان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ جو رسم انہوں نے ادا کی ہے، اس کا تعلق مذہب اسلام نہیں بلکہ ہندو مذہب سے تعلق ہے۔

لوگوں نے ان پر ہندوانہ رسم کو فالو کرنے اور اس کی ترویج کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر ویڈیو کے پس منظر میں مقدس کتاب کی تلاوت چلانے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔

زیادہ تر افراد نے صبا فیصل کو ہندوئوں کی رسم نبھانے اور اسے پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ مذہب اسلام میں ایسی کسی رسم کا کوئی ذکر نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024