آرمی چیف کی بحرین کے بادشاہ اور ولی عہد سے ملاقاتیں، فوجی و سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقاتیں کیں جن میں فوجی اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
اپنے دورے کے دوران انہوں نے بحرین کے بادشاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن حمد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں دوطرفہ فوجی اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ بحرین کی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشق کا بھی مشاہدہ کیا۔
کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔
بحرین کے بادشاہ نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانےکے اعتراف میں آرمی چیف کو بحرین فرسٹ کلاس کا ملٹری میڈل سے نوازا۔